پل جھال کی ایک سائیڈ بند، ٹریفک جام سے شہری پریشان
سکولوں کے اوقات میں ٹریفک کا دباؤ بڑھ جاتا ہے ،ٹریفک اہلکار بھی تعینات نہیں
جڑانوالہ (نمائندہ دنیا )پل جھال کی ایک سائیڈ تاحال ٹریفک کے لیے بند ہونے کے باعث شہر میں ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہو رہا ہے ، جبکہ شہریوں نے رش کے اوقات میں ٹریفک اہلکار تعینات کرنے اور بند سائیڈ فوری طور پر کھولنے کا مطالبہ کیا ہے ۔پل جھال کی ایک جانب ٹریفک کی آمدورفت بند ہونے سے خصوصاً سکولوں کے اوقات میں ٹریفک کا دباؤ بڑھ جاتا ہے اور سڑکوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ جاتی ہیں۔ شہریوں کو روزانہ گھنٹوں ٹریفک جام میں پھنسے رہنے کی شکایات کا سامنا ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ پل پر تعمیراتی کام مکمل ہونے کے باوجود ایک سائیڈ کو ٹریفک کے لیے نہ کھولنا ان کی مشکلات میں اضافے کا باعث بن رہا ہے ۔ ان کا مزید کہنا ہے کہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے موقع پر ٹریفک اہلکار بھی تعینات نہیں کیے گئے ۔ٹریفک جام کے باعث شہریوں کو بروقت دفاتر پہنچنے اور والدین کو اپنے بچوں کو سکول پہنچانے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، جبکہ شدید رش کے دوران معمولی تلخ کلامی اور جھگڑوں کے واقعات بھی رونما ہونے لگے ہیں۔شہریوں نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ پل جھال کی بند سائیڈ کو فوری طور پر ٹریفک کے لیے کھولا جائے۔ اور رش کے اوقات میں ٹریفک اہلکار تعینات کیے جائیں تاکہ ٹریفک کی روانی بہتر بنائی جا سکے اور شہریوں کو روزانہ کی پریشانی سے نجات مل سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments