سرکاری ہسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات نامکمل
سانحہ پمز کے باوجودالائیڈ ہسپتال ون اینڈ ٹو، ٹیچنگ ہسپتال غلام محمد آبادمیں فائر ایکسٹنگوشرز، فائر ہائیڈرینٹس اور آگ بجھانے کے دیگر آلات ناکافی
فیصل آباد (عبدالباسط سے )سانحہ پمز ہسپتال کے دلخراش واقعے کے باوجود فیصل آباد کے متعدد سرکاری ہسپتالوں میں فائر سیفٹی کے انتظامات تاحال مکمل نہ کیے جا سکے ، جس کے باعث علاج معالجے کے لیے آنے والے مریضوں اور ان کے لواحقین میں تشویش پائی جانے لگی۔ ذرائع کے مطابق الائیڈ ہسپتال ون، الائیڈ ہسپتال ٹو، ٹیچنگ ہسپتال غلام محمد آباد سمیت دیگر سرکاری ہسپتالوں میں فائر ایکسٹنگوشرز، فائر ہائیڈرینٹس اور آگ بجھانے کے دیگر آلات کے انتظامات ناکافی ہیں۔ذرائع کے مطابق گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کی صورتحال بھی تشویشناک ہے ، جہاں کسی بھی وارڈ کے اندر فائر ایکسٹنگوشرز نصب نہیں، جبکہ پورے ہسپتال میں فائر ڈیٹیکٹرز بھی موجود نہیں ہیں۔ ہسپتال کی مرکزی راہداری میں چند فائر ایکسٹنگوشرز نصب کیے گئے ہیں، تاہم ذرائع کا دعویٰ ہے کہ اس کے باوجود متعلقہ امور میں ‘‘سب اچھا’’ کی رپورٹس پیش کی جاتی رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کو قائم ہوئے 8سال سے زائد عرصہ گزر چکا ہے ، تاہم تاحال ہسپتال میں فائر ڈیٹیکشن کا مؤثر نظام نصب نہیں کیا جا سکا۔ ہسپتال میں فائر سیفٹی کے دیگر انتظامات بھی مطلوبہ معیار کے مطابق نہ ہونے کی اطلاعات ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ہسپتال میں ایمرجنسی انخلا کا مؤثر انتظام بھی موجود نہیں، جس کے باعث کسی ہنگامی صورتحال میں مریضوں، لواحقین اور عملے کو بروقت محفوظ مقام تک منتقل کرنے میں مشکلات پیش آ سکتی ہیں۔ڈپٹی میڈیکل سپرنٹینڈنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد ڈاکٹر صہیب نے تصدیق کی کہ ہسپتال میں فائر ہائیڈرینٹس سمیت بعض ضروری سہولیات کا فقدان ہے ، جس سے متعلق اعلیٰ حکام کو آگاہ کیا جا چکا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عملے کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے خصوصی تربیت دی گئی ہے جبکہ مختلف مقامات پر عملے کی خصوصی ڈیوٹیاں بھی لگائی گئی ہیں۔دوسری جانب ڈپٹی کمشنر فیصل آباد محمد نعمان صدیق نے کہا ہے کہ سرکاری و نجی ہسپتالوں میں فائر سیفٹی سمیت دیگر ضروری سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ فائر سیفٹی انتظامات کی بہتری کے لیے اسسٹنٹ کمشنرز کی سربراہی میں مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو روزانہ کی بنیاد پر ہسپتالوں کے دورے کرکے حفاظتی انتظامات کا جائزہ لے رہی ہیں۔انتظامیہ کے مطابق ہسپتالوں میں فائر سیفٹی کے انتظامات کو بہتر بنانے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال میں قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments