ایل پی جی ری فلنگ کیخلاف کریک ڈاؤن، 5 دکانیں سیل
مشینری و سامان ضبط، بھاری جرمانے عائد، شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے : اسے سی
تاندلیانوالہ (نمائندہ دنیا )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر تاندلیانوالہ میں غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ اور گیس کے غیر قانونی کاروبار کے خلاف اسسٹنٹ کمشنر اقصیٰ امتیاز کی زیر نگرانی کریک ڈاؤن کیا گیا۔ انتظامیہ نے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی طور پر ایل پی جی ری فلنگ کا کاروبار کرنے والی 5 دکانیں سیل کر دیں، جبکہ بھاری جرمانے عائد کرنے کے ساتھ ری فلنگ مشینری اور دیگر سامان بھی قبضے میں لے لیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر اقصیٰ امتیاز نے کہا کہ غیر قانونی گیس ری فلنگ شہریوں کی جان و مال کے لیے سنگین خطرہ ہے ، اس لیے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔ کارروائی کا مقصد شہریوں کو غیر قانونی ریفلنگ کے نتیجے میں پیدا ہونے والے ممکنہ حادثات اور جانی و مالی نقصانات سے محفوظ رکھنا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کی ری فلنگ کے لیے مقررہ حفاظتی ضوابط پر عملدرآمد ضروری ہے ۔ شہریوں کی جانوں کے تحفظ کے لیے ری فلنگ کی دکانیں آبادی سے باہر قائم کی جانی چاہئیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں شہری آبادی محفوظ رہے ۔اسسٹنٹ کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی کہ غیر قانونی ایل پی جی ری فلنگ کی نشاندہی میں انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں، کیونکہ عوامی تعاون سے ہی اس مہم کو مؤثر اور کامیاب بنایا جا سکتا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments