کرشنگ سیزن ، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر کارروائی کا فیصلہ
ٹریکٹر ٹرالیوں، ٹرکوں اور دیگر ہیوی ٹرانسپورٹ کے مسائل کا جائزہ لیا گیا
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان اور ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف کی زیر صدارت گنے کے کرشنگ سیزن کے دوران ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور حادثات کی روک تھام کے حوالے سے اجلاس ہوا۔اجلاس میں ٹریفک پولیس، سیکرٹری آر ٹی اے ، ریسکیو 1122، پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس سمیت متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں گنے کی ترسیل کے لیے استعمال ہونے والی ٹریکٹر ٹرالیوں، ٹرکوں اور دیگر ہیوی ٹرانسپورٹ کے باعث پیدا ہونے والے ٹریفک مسائل کا جائزہ لیا گیا۔ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے اوور لوڈنگ، غیر محفوظ انداز میں گنے کی ترسیل، ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ اور دیگر خلاف ورزیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی ہدایت کی۔ اہم شاہراہوں، گنے کی منڈیوں اور شوگر ملز کے اطراف ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے مؤثر ٹریفک پلان تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا۔گنے سے لدی گاڑیوں پر مناسب لائٹس، ریفلیکٹرز اور دیگر حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی۔ ڈی پی او ڈاکٹر نوید عاطف نے کہا کہ اوور لوڈنگ اور غیر محفوظ طریقے سے گنے کی ترسیل کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ٹریفک پولیس اور پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس کو اہم شاہراہوں پر خصوصی نگرانی اور مؤثر انفورسمنٹ کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments