ایف ڈی اے میں کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی: ڈی جی
شفاف اور عوام دوست دفتری نظام ہر صورت یقینی بنایا جائے :آصف چودھری
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے ) محمد آصف چودھری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن اور حکومت پنجاب کی پالیسی کے مطابق ایف ڈی اے میں کرپشن فری، شفاف اور عوام دوست دفتری نظام ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ بدعنوانی، بددیانتی، اختیارات کے ناجائز استعمال اور شہریوں کے جائز کاموں میں بلاجواز تاخیر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔انہوں نے یہ احکامات ایف ڈی اے کے افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیے ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے قیصر عباس رند، چیف انجینئر مہر ایوب، ڈائریکٹرز جنید حسن منج، اسماء محسن، سہیل مقصود پنوں، یاسر اعجاز چٹھہ، عاصم محمود، افنان سعید سندھو، ڈپٹی ڈائریکٹرز، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اور دیگر افسرا و رسٹاف نے شرکت کی۔ڈی جی ایف ڈی اے نے کہا کہ حکومت پنجاب نے کرپشن کے خاتمے کے لیے سخت اقدامات کا فیصلہ کر رکھا ہے اور سرکاری محکموں کی کارکردگی و امور کی مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیحات میں عوام کو شفاف، میرٹ پر مبنی اور بروقت خدمات کی فراہمی شامل ہے ، اس لیے ایف ڈی اے کے افسراور ملازمین بھی اپنی ذمہ داریاں دیانت داری، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ انداز میں انجام دیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments