27ستمبر کو پی ٹی آئی کا لانگ مارچ نہیں ہوگا:میاں عبدالمنان
قانون شکنی یا بدامنی پھیلانے کی کوشش کی گئی توقانون اپنا راستہ بنائے گا
فیصل آباد (سٹی رپورٹر) سابق رکن قومی اسمبلی اور مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ کے مرکزی صدر میاں عبدالمنان نے کہا ہے کہ 27 ستمبر کو پی ٹی آئی کا کوئی لانگ مارچ نہیں ہوگا، نہ ہی اس کے ارکان متحد ہیں اور نہ عوام ان کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک صوبے میں ریاستی مشینری موجود ہونے کے باوجود اسلام آباد پر چڑھائی نہیں کی جا سکے گی، اگر کوئی جتھا جلاؤ گھیراؤ یا بدامنی کے لیے سڑکوں پر نکلا تو قانون حرکت میں آئے گا۔ میاں عبدالمنان نے کہا کہ کسی قومی مجرم کی رہائی احتجاج یا لانگ مارچ کے ذریعے ممکن نہیں۔ میاں نواز شریف، ان کے خاندان اور دیگر ارکان قانونی جنگ کے ذریعے سرخرو ہوئے ، کسی نے لانگ مارچ نہیں کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس دوران قانون شکنی یا بدامنی پھیلانے کی کوشش کی گئی تو ریاست اور قانون اپنا راستہ اختیار کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ملکی ترقی، معاشی استحکام اور عوامی فلاح کے لیے عملی اقدامات کیے ہیں اور اپوزیشن کو بھی مل بیٹھ کر مسائل کے حل کی پیشکش کی، جبکہ پی ٹی آئی نے ملک اور عوام کے مفادات کو نظرانداز کرکے ایک فرد کو ترجیح دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments