ڈی ایچ کیو ہسپتال چنیوٹ ، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کی مشق
آگ بجھانے ، زخمیوں کو ریسکیو کرنے اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا مظاہرہ
چنیوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ) ڈی ایچ کیو ہسپتال چنیوٹ میں کسی بھی ناگہانی صورتحال اور ہنگامی حالات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا گیا، جس میں ریسکیو 1122 کے جوانوں، ڈاکٹرز اور ہسپتال کے دیگر عملہ نے حصہ لیا۔ موک ایکسرسائز کے دوران ہسپتال میں اچانک آگ لگنے کی فرضی صورتحال پیدا کرکے آگ بجھانے ، زخمیوں کو ریسکیو کرنے اور انہیں محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا عملی مظاہرہ کیا گیا۔ڈپٹی کمشنر چنیوٹ عائشہ رضوان نے موک ایکسرسائز کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سی او ہیلتھ ڈاکٹر احمد خان، ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال، ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 اور دیگر متعلقہ افسران و اہلکار بھی موجود تھے ۔ ہسپتال کے ڈاکٹرز اور سٹاف نے آگ بجھانے والے آلات کے استعمال اور آگ پر قابو پانے کی مشق کی جبکہ ریسکیو 1122 کے جوانوں نے فرضی زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کرکے محفوظ مقام پر منتقل کیا۔ڈپٹی کمشنر عائشہ رضوان نے کہا کہ موک ایکسرسائز کا مقصد ہنگامی صورتحال میں متعلقہ اداروں کی تیاری، رسپانس ٹائم اور باہمی رابطہ کارکردگی کو جانچنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہنگامی حالات میں بروقت کارروائی قیمتی انسانی جانوں کے تحفظ میں اہم کردار ادا کرتی ہے ۔ انہوں نے ہسپتال میں فائر سیفٹی آلات کی دستیابی و فعالیت، ایمرجنسی ایگزٹ اور دیگر حفاظتی انتظامات ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments