بلال پارک میں انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینک فعال کر نے کا حکم
بارشی پانی کی بروقت نکاسی، پارک کی بحالی اور ترقیاتی منصوبوں شفافیت کی ہدایت
ٹوبہ ٹیک سنگھ (ڈسٹرکٹ رپورٹر )ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے بلال پارک کا دورہ کرکے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت زیر تعمیر انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینک اور پارک کی بحالی کے منصوبے کا معائنہ کیا۔ چیف آفیسر میونسپل کمیٹی ولید عثمان اور میونسپل آفیسر انفراسٹرکچر فراز بھی ان کے ہمراہ تھے ۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کو بلال پارک میں زیر تعمیر انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینک کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ منصوبے کا اہم تعمیراتی کام مکمل ہوچکا ہے ۔ پارک کی بحالی کے منصوبے میں باؤنڈری وال، نئے جھولے ، لائٹنگ، آؤٹ ڈور جم، گراسی لان سمیت دیگر سہولیات شامل ہیں۔ڈپٹی کمشنر ماہم آصف ملک نے ہدایت کی کہ بارشوں کے دوران بارشی پانی کی بروقت نکاسی یقینی بنانے کے لیے انڈر گراؤنڈ سٹوریج ٹینک کو جلد فعال کیا جائے اور اس پر مشینری کی تنصیب کا کام بھی مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ بارشی پانی کی بروقت نکاسی اور شہریوں کو بہتر و صاف ستھرا ماحول فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ معیار کے مطابق اور پائیدار ہونے چاہئیں، جبکہ ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل کے ساتھ معیار اور شفافیت کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments