جدید زرعی اصلاحات وقت کی اہم ضرورت : سینیٹر سحر کامران

جدید زرعی اصلاحات وقت کی اہم ضرورت : سینیٹر سحر کامران

زرعی شعبے کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیے بغیر پیداوار میں اضافہ ممکن نہیں

فیصل آباد (سٹی رپورٹر) سینیٹر سحر کامران نے کہا ہے کہ ملکی زرعی پیداوار میں اضافے اور کسانوں کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ رکھنے کے لیے جدید زرعی اصلاحات، پریسیژن فارمنگ اور تحقیق پر مبنی پالیسی سازی وقت کی اہم ترین ضرورت ہے ۔ زرعی شعبے کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کیے بغیر پیداوار میں خاطر خواہ اضافہ ممکن نہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے دورے کے موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات میں زرعی ترقی، سائنسی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کو کسانوں تک منتقل کرنے سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔پروگریسو فارمر سینیٹر سحر کامران نے زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی تعلیمی و تحقیقی خدمات اور ملکی غذائی استحکام میں اس کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا زرعی شعبہ اس وقت اہم مرحلے سے گزر رہا ہے ،

جہاں روایتی طریقہ کاشت کے ساتھ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیر ہو چکا ہے ۔ پریسیژن ایگریکلچر کے ذریعے پانی کے ضیاع کو کم اور محدود وسائل سے زیادہ پیداوار حاصل کی جا سکتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ لیبارٹریوں میں ہونے والی جدید تحقیق کو کسانوں کے کھیتوں تک پہنچانے کے لیے پالیسی سازوں، جامعات اور کاشتکاروں کے درمیان مضبوط رابطہ ضروری ہے ۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد اس حوالے سے اہم کردار ادا کر رہی ہے ۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ذوالفقار علی نے سینیٹر سحر کامران کو یونیورسٹی کی جاری تحقیقی سرگرمیوں اور پائیدار زراعت کے لیے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی ترقی کے لیے جدید زرعی طریقوں اور معاون پالیسیوں کو فروغ دینا ضروری ہے ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...