فیصل آبادمیں اتائیت کیخلات گرینڈ آپریشن کی تیاری، غیر قانونی کلینکس سیل کرنے کا فیصلہ

فیصل آبادمیں اتائیت کیخلات گرینڈ آپریشن کی تیاری، غیر قانونی کلینکس سیل کرنے کا فیصلہ

ضلع بھر میں اتائیوں کی فہرستیں مرتب کی جا رہی ہیں ، ڈی ایچ اوز، ڈپٹی ڈی ایچ اوز اور ڈرگ انسپکٹرز کو اپنے اپنے علاقوں میں نشاندہی کرنے اور ریکارڈ مرتب کرنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا

فیصل آباد (ذوالقرنین طاہر سے )اتائیت کے خاتمے کے لیے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی نے ضلع بھر میں گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کر لیا۔ ڈویژنل کمشنر ڈاکٹر عمران حامد شیخ کی ہدایات پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ ڈاکٹر شہزاد محمود اور محکمہ صحت نے اتائی ڈاکٹروں، غیرقانونی کلینکس اور بغیر اجازت طبی پریکٹس کرنے والے عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر کارروائی کی تیاری شروع کر دی ہے ۔ڈویژنل کمشنر کی ہدایت پر ضلع بھر میں اتائیوں کی مکمل فہرستیں مرتب کی جا رہی ہیں۔ اس سلسلے میں ڈی ایچ اوز، ڈپٹی ڈی ایچ اوز اور ڈرگ انسپکٹرز کو اپنے اپنے علاقوں میں اتا ئیوں کی نشاندہی، ان کے کلینکس اور مراکز صحت کی تفصیلات سمیت غیرقانونی سرگرمیوں کا ریکارڈ مرتب کرنے کا ٹاسک سونپ دیا گیا ہے ۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر شہزاد محمود کے مطابق فہرستیں مکمل ہوتے ہی اتائیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کا آغاز کر دیا جائے گا۔ غیرقانونی کلینکس اور مراکز صحت سیل کرنے کے ساتھ ساتھ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات کے اندراج اور دیگر قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔محکمہ صحت کے مطابق عطائی عناصر غیرمعیاری اور غیرضروری علاج کے ذریعے شہریوں کی صحت کو خطرات سے دوچار کر رہے ہیں۔ گرینڈ آپریشن کے دوران کسی قسم کی غفلت یا رعایت نہیں برتی جائے گی اور انسانی صحت سے کھیلنے والے تمام عناصر کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی یقینی بنائی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...