سدھار اور دھاندرہ کی آبادیاں گندگی میں دب گئیں
پینسرہ (نمائندہ دنیا) یونین کونسل 168، چک نمبر 67 ج ب سدھار اور دھاندرہ میں صفائی اور نکاسی آب کے ناقص انتظامات نے ستھرا پنجاب پروگرام کے دعوؤں کی قلعی کھول دی۔
محلہ داتا نگری، گرین ٹاؤن، دھپ سڑی اور ملک آباد میں جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر اور جوہڑ کے باعث شہریوں کا گلیوں سے گزرنا محال ہو گیا ہے ۔ تعفن اور بدبو سے علاقہ مکین شدید پریشان ہیں، جبکہ نکاسی آب کی خراب صورتحال کے باعث معمولات زندگی بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔محلہ داتا نگری میں گندے پانی کے جوہڑ اور صفائی کے ناقص انتظامات کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔۔ رات کے وقت گزرنے والے بزرگ افراد کے جوہڑ میں گر کر حادثات کا شکار ہونے کے واقعات بھی سامنے آتے رہتے ہیں۔ قریب واقع دینی درس گاہ میں سینکڑوں بچے تعلیم حاصل کر رہے ہیں، جبکہ سکول جانے والے بچوں اور خواتین کو بھی آمدورفت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے ۔ موسم کی تبدیلی کے ساتھ مچھروں کی افزائش نے بیماریوں کے خدشات بھی بڑھا دیے ہیں۔عوامی و سماجی حلقوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف، ضلعی انتظامیہ اور ستھرا پنجاب کے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ سدھار اور دھاندرہ کو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہو کر بنیادی شہری سہولیات فراہم کی جائیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments