ایل پی جی فی کلو قیمت 600روپے سے زیادہ ، انتظامیہ خاموش

 ایل پی جی فی کلو قیمت 600روپے سے زیادہ ، انتظامیہ خاموش

دکانداروں نے مبینہ طور پر من پسند نرخ مقرر کر رکھے ،ناجائز منافع خوری جاری

پینسرہ (نمائندہ دنیا )سدھار اور گردونواح میں ایل پی جی کی قیمتوں میں من مانا اضافہ، گیس 600 روپے فی کلو سے زائد فروخت ہونے لگی، سرکاری نرخوں پر عملدرآمد کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے ۔ مہنگائی کے ستائے شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے حکومتی اعلانات کے باوجود ایل پی جی فروخت کرنے والے دکانداروں نے مبینہ طور پر من پسند نرخ مقرر کر رکھے ہیں، جس کے باعث گھریلو صارفین مہنگے داموں گیس خریدنے پر مجبور ہیں، جبکہ ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ پرائس کنٹرول حکام کی مبینہ عدم توجہی کے باعث ناجائز منافع خوری کا سلسلہ جاری ہے ۔شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی بنیادی ضرورت گیس بھی اب عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہوتی جا رہی ہے ۔ ایل پی جی کی قیمتوں میں خودساختہ اضافے نے گھریلو بجٹ بری طرح متاثر کر دیا ہے ، جبکہ سرکاری نرخوں کی خلاف ورزی کرنے والے دکانداروں کے خلاف مؤثر کارروائی نہ ہونے سے منافع خوروں کو کھلی چھوٹ مل گئی ہے ۔شہری حلقوں نے ڈپٹی کمشنر فیصل آباد اور پرائس کنٹرول مجسٹریٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ سدھار اور گردونواح میں ایل پی جی کی فروخت سرکاری نرخوں کے مطابق یقینی بنائی جائے ، مقررہ قیمت سے زائد وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے اور تمام دکانوں پر سرکاری نرخ نامے نمایاں مقامات پر آویزاں کروائے جائیں تاکہ عوام کو ناجائز منافع خوری سے نجات مل سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...