ایران کا امریکا سے ثالثی کیلئے پاکستان کی بھرپور کوششوں پر اعتماد کا اظہار

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ ای سی او ممالک نے امریکا کے ساتھ جنگ ختم کرنے کی کوششوں کے تحت آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے تہران کے پیش کردہ منصوبے کی حمایت کی ہے۔

اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ تہران اسلام آبادکے ثالثی کردار سے مطمئن ہے، پاکستان ثالثی کے لیے بھرپور کوششیں کر رہا ہے، ہم پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے پر مطمئن ہیں۔

انہوں نے کہا کہ واشنگٹن ایران کی شرائط تسلیم کر لیتا ہے تو تہران دو روز کے اندر آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے تیار ہے، ای سی او رکن ممالک نے ایران کی دو روزہ امن تجویز کا خیرمقدم کیا۔

قبل ازیں عباس ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ای سی او وزرائے خارجہ کونسل سے خطاب میں کہا ہے کہ ایران،امریکا تنازع کا حل دھمکیوں اور فوجی کارروائیوں میں نہیں، سفارت کاری اور مذاکرات کے ذریعے ایران،امریکا تنازع کا خاتمہ ممکن ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران امریکا تنازع حل کرنے کے لیے پاکستان اور قطر کی سفارتی کوششوں کو سراہتے ہیں، علاقائی ممالک کے درمیان رابطوں اور مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانا ہو گا۔

عباس عراقچی نے کہا کہ امریکا اور اسرائیل کا ایران پر حملہ، خلیج فارس اور آبنائے ہرمز میں عدم تحفظ کی وجہ بنا، آبنائے ہرمز کو ایران سے الگ کر کے نہیں دیکھا جا سکتا۔

انہوں نے کہا کہ خطے کے ممالک اپنی سرزمین کسی دوسرے ملک کے خلاف حملوں کے لیے استعمال نہ ہونے دیں، علاقائی سلامتی کے لیے عدم جارحیت کے اصول پر مبنی نظام قائم کرنا ہو گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ خطے میں بیرونی طاقتوں کی مداخلت کو روکنا ناگزیر ہے، آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی بحالی کے لیے پائیدار علاقائی تعاون اہم ہے۔

عباس عراقچی نے کہا کہ غزہ کی صورتحال تشویشناک ہے،اسرائیل سے انسانی امداد کی ناکہ بندی ختم کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں، غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں فلسطینیوں کی صورتحال اقوام عالم کے لیے ایک سوال ہے۔

ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ عالمی برادری خاموشی اختیار کرنے کے بجائے فلسطینیوں کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرے، ای سی او کا اٹھارہواں سربراہی اجلاس 4 دسمبر کو تہران میں منعقد ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...