لاہور ہائیکورٹ نے بچے کی ولدیت، ڈی این اے ٹیسٹ، نان و نفقہ بارے اہم فیصلہ جاری کر دیا

لاہور: (محمد اشفاق) لاہور ہائیکورٹ نے بچے کی ولدیت، ڈی این اے ٹیسٹ اور نان و نفقہ سے متعلق اہم فیصلہ جاری کر دیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا ہے کہ شادی کے قائم رہنے کے دوران پیدا ہونے والے بچے کی قانونی ولدیت کو محض نجی طور پر کرائے گئے ڈی این اے ٹیسٹ کی بنیاد پر ختم نہیں کیا جا سکتا۔

عدالت نے قرار دیا کہ بچے کی عزتِ نفس، نجی زندگی اور ذہنی و جذباتی تحفظ کو مقدم رکھنا ضروری ہے جبکہ عدالت کی اجازت اور ماں کی رضامندی کے بغیر بچے کا خفیہ ڈی این اے ٹیسٹ کرانا بنیادی حقوق کے منافی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس اسد علی باجوہ نے اسامہ طاہر اور دیگر کی جانب سے دائر آئینی درخواست خارج کرتے ہوئے آٹھ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا، درخواست گزاروں نے گوجرانوالہ کی فیملی کورٹ اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ جج کے فیصلوں کو چیلنج کیا تھا۔

عدالتی فیصلے کے مطابق درخواست گزار اسامہ طاہر نے بچے کی ولدیت سے انکار کرتے ہوئے برطانیہ کی ایک نجی لیبارٹری سے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا تھا، جس میں پدریت خارج ہونے کی رپورٹ سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا۔

تاہم عدالت نے قرار دیا کہ مذکورہ ٹیسٹ نجی طور پر کرایا گیا، نہ تو کسی مجاز عدالتی فورم کی نگرانی میں ہوا اور نہ ہی اس کے لیے بچے کی والدہ کی رضامندی حاصل کی گئی، اس لیے ایسی یکطرفہ رپورٹ قانونی طور پر بچے کی ولدیت کے حوالے سے قائم شدہ قانونی قرینے کو ختم نہیں کر سکتی۔

فیصلے میں قرار دیا گیا کہ قانونِ شہادت کے آرٹیکل 128 کے تحت اگر بچہ درست اور برقرار نکاح کے دوران پیدا ہو تو اسے شوہر کی قانونی اولاد تصور کرنے کا ناقابلِ تردید قانونی قرینہ قائم ہوتا ہے، سوائے قانون میں بیان کردہ استثنائی صورتوں کے۔

عدالت کے مطابق زیرِ نظر مقدمے میں میاں بیوی کی شادی 18 اگست 2019 کو ہوئی جبکہ بچہ 27 اپریل 2022 کو پیدا ہوا۔ شواہد سے ثابت ہوا کہ بچے کی پیدائش کے وقت شادی برقرار تھی اور والد خود اپنی اہلیہ کو ہسپتال لے کر گیا تھا۔

جسٹس اسد علی باجوہ نے قرار دیا کہ ڈی این اے ٹیسٹ محض جدید سائنسی سہولت ہونے کی بنیاد پر ہر معاملے میں نہیں کرایا جا سکتا۔ عدالت کو یہ دیکھنا ہوگا کہ آیا اس ٹیسٹ کا انعقاد انصاف کے تقاضوں اور بچے کے بہترین مفاد میں ہے یا نہیں، بچے کے جسمانی نمونے اس کی والدہ کی رضامندی کے بغیر حاصل کرنا اس کی نجی زندگی، آزادی اور جسمانی خودمختاری کے حقوق کے منافی ہے۔

عدالت نے مزید قرار دیا کہ آئین کے آرٹیکل 14 کے تحت انسانی عزت و وقار اور نجی زندگی کا تحفظ بنیادی حق ہے جبکہ آرٹیکل 9 اور 4 بھی فرد کی آزادی، جسمانی خودمختاری اور قانون کے مطابق سلوک کی ضمانت دیتے ہیں، کسی شخص کی رضامندی کے بغیر اس کی جینیاتی معلومات حاصل کرنا اس کے بنیادی حقوق میں مداخلت ہے، جس کے لیے قانونی جواز ضروری ہے۔

فیصلے میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا حوالہ دیتے ہوئے قرار دیا گیا کہ مسلم پرسنل لا کے تحت بچے کی ولدیت کو چیلنج کرنے کے لیے والد کو پیدائش کے بعد زیادہ سے زیادہ 40 روز کی مدت میں اقدام کرنا ہوتا ہے، زیرِ نظر مقدمے میں بچہ 27 اپریل 2022 کو پیدا ہوا جبکہ مبینہ ڈی این اے ٹیسٹ 5 ستمبر 2022 کو کرایا گیا، لہٰذا اس رپورٹ کی قانونی حیثیت تسلیم نہیں کی جا سکتی۔

بچے کے ماہانہ نان و نفقہ سے متعلق عدالت نے قرار دیا کہ بچے کی ضروریات اور والد کی مالی استطاعت کو مدنظر رکھ کر خرچ مقرر کیا جاتا ہے، نان و نفقہ میں خوراک، لباس اور رہائش کے علاوہ تعلیم، علاج معالجے اور بچے کی جسمانی، ذہنی اور جذباتی نشوونما کے اخراجات بھی شامل ہیں۔

عدالت کے مطابق والد کی ذمہ داری محض اس بنیاد پر ختم نہیں ہو جاتی کہ وہ اپنی آمدن کا درست ثبوت پیش نہیں کر سکا بلکہ اس کی کمانے کی صلاحیت اور مالی حالات بھی مدنظر رکھے جائیں گے۔

عدالتی ریکارڈ کے مطابق فیملی کورٹ نے نابالغ بچے کے لیے ماہانہ 10 ہزار روپے نان و نفقہ مقرر کیا تھا، جسے اپیلٹ کورٹ نے بڑھا کر 25 ہزار روپے ماہانہ کر دیا تھا جبکہ سالانہ 10 فیصد اضافے کا حکم بھی برقرار رکھا گیا۔

لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ والد درخواست گزار اپیلٹ کورٹ کی جانب سے مقرر کردہ رقم کو اپنی مالی حیثیت سے زیادہ ثابت کرنے میں ناکام رہا، جہیز کے سامان سے متعلق عدالت نے قرار دیا کہ خاتون کے دعوے کا فیصلہ فریقین کے پیش کردہ شواہد کی بنیاد پر کیا جانا ضروری ہے۔

فیملی کورٹ نے تمام دعویٰ منظور کرنے کے بجائے بعض اشیا کو خارج کرتے ہوئے باقی سامان یا اس کی متبادل قیمت 9 لاکھ 70 ہزار روپے مقرر کی تھی، جس میں مداخلت کا کوئی جواز نہیں بنتا۔

لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ آئین کے آرٹیکل 199 کے تحت عدالت ماتحت عدالتوں کے شواہد پر مبنی بیک وقت فیصلوں میں محض اس بنیاد پر مداخلت نہیں کر سکتی کہ کوئی دوسرا نقطۂ نظر بھی ممکن ہے۔ مداخلت کے لیے دائرہ اختیار کی خلاف ورزی، واضح قانونی بے ضابطگی یا شواہد کو غلط پڑھنے جیسے نقائص ثابت کرنا ضروری ہیں۔

عدالت نے ماتحت عدالتوں کے فیصلوں میں کوئی قانونی یا دائرہ اختیار سے متعلق نقص نہ پاتے ہوئے اسامہ طاہر اور دیگر کی آئینی درخواست خارج کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...