اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ کی ملاقات، دوطرفہ تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور ایران کے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کی وزرائے خارجہ کونسل کے 30ویں اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور ایران کے درمیان مضبوط برادرانہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے اعلیٰ سطح کے مسلسل روابط کے ذریعے دوطرفہ تعاون مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔

ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کی کامیاب میزبانی پر پاکستان کو مبارک باد دی اور اجلاس کے دوران نتیجہ خیز مشاورت، پرتپاک مہمان نوازی اور بہترین انتظامات کو سراہا۔

دونوں رہنماؤں نے علاقائی تعاون اور روابط کے فروغ سمیت ای سی او کی ترجیحات کو آگے بڑھانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

اس موقع پر اسحاق ڈار نے کہا کہ مسائل کے حل، کشیدگی میں کمی اور پائیدار امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری ہی قابل عمل راستہ ہیں۔

ملاقات میں فریقین نے مسلسل رابطوں اور مشاورت کی اہمیت پر زور دیا، جبکہ باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے اور باقاعدہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...