پاکستانی گیمر عاطف بٹ نے تھائی لینڈ میں ٹیکن 8 چیمپئن شپ جیت لی
بنکاک: (ویب ڈیسک) پاکستان کے نامور ای اسپورٹس کھلاڑی عاطف بٹ نے تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں منعقدہ ٹورنامنٹ ’تھائیگر اپر کٹ 2026‘ میں ٹیکن 8 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا اور 2 ہزار 966 ڈالر انعام بھی حاصل کرلیا۔
عاطف بٹ نے اتوار کو ہونے والے مقابلے کے فائنل میں ٹیم فالکنز کی نمائندگی کرتے ہوئے شاندار کامیابی حاصل کی۔
بنکاک میں ہونے والا یہ ٹورنامنٹ فائٹنگ گیمز کے مقبول مقابلوں میں شمار ہوتا ہے اور رواں سال 2026 کے ٹیکن ورلڈ ٹور سیزن کا آخری ماسٹر ایونٹ بھی تھا، جس میں دنیا بھر سے کھلاڑیوں نے شرکت کی۔
عاطف بٹ نے دوسری مرتبہ تھائیگر اپر کٹ کا ٹائٹل جیتا ہے۔ اس سے قبل وہ 2023 میں ٹیکن 7 کے چیمپئن بھی بنے تھے، جب انہوں نے فائنل میں جنوبی کوریا کے کھلاڑی لو ہائی کو 2-3 سے شکست دی تھی۔
سال 2026 عاطف بٹ کے لیے کامیابیوں سے بھرپور رہا ہے۔ انہوں نے اسی سال کمیونٹی ایفورٹ اورلینڈو (سی ای او) ٹورنامنٹ میں بھی ٹیکن 8 کا ٹائٹل جیتا تھا، جہاں فائنل میں امریکی کھلاڑی جو کرش کو شکست دے کر 6 ہزار 920 ڈالر انعام حاصل کیا تھا۔
عاطف بٹ 2025 میں بھی سی ای او چیمپئن بنے تھے، جبکہ ان کے نمایاں اعزازات میں 2022 کا ٹیکن ورلڈ ٹور فائنلز اور 2019 کا ٹوکیو ٹیکن ماسٹرز ٹائٹل بھی شامل ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments