ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کا آغاز، وژن 2035 کی منظوری متوقع

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد میں ای سی او وزرائے خارجہ کونسل کا اجلاس شروع ہو گیا ہے، اقتصادی تعاون کے لیے ای سی او کے اسٹریٹجک اہداف 2035 کی منظوری دی جائے گی۔

اجلاس میں اسلام آباد اعلامیے کو حتمی منظوری کے لیے پیش کیا جائے گا، ای سی او رکن ممالک کے وزرائے خارجہ وزیراعظم شہباز شریف سے مشترکہ ملاقات کریں گے۔

وزیراعظم سے ملاقات کے بعد وزرائے خارجہ کی دوطرفہ ملاقاتیں بھی شیڈول ہیں، اجلاس کے اختتام پر وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی پریس کانفرنس متوقع ہے۔

ای سی او سیکریٹری جنرل تنظیم کی سالانہ کارکردگی اور سرگرمیوں پر رپورٹ پیش کریں گے، رکن ممالک کے وزرائے خارجہ اور سربراہانِ وفود اجلاس سے خطاب کریں گے۔

اجلاس میں ای سی او کے علاقائی اور بین الاقوامی اداروں کے ساتھ تعاون کا جائزہ لیا جائے گا، ای سی او کے شعبہ جاتی وزارتی اجلاسوں اور خصوصی اداروں کی رپورٹس کا جائزہ اور منظوری دی جائے گی، ای سی او سیکریٹریٹ کے انتظامی اور مالی امور بھی اجلاس کے ایجنڈے میں شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھئے: پاکستان کا او آئی سی کے مقاصد اور ترجیحات کے فروغ کیلئے تعاون جاری رکھنے کا اعلان

اجلاس میں پہلے ہائی لیول کوآرڈینیشن رپورٹ سے متعلق مجوزہ تجاویز کی منظوری دی جائے گی، اجلاس میں ای سی او وزرائے کونسل کے آئندہ اجلاس کی تاریخ اور مقام کا بھی فیصلہ ہوگا۔

دفتر خارجہ کے مطابق ای سی او کے سینئر حکام کا اجلاس سیکرٹری خارجہ عاصم افتخار کی زیر صدارت ہوا، اجلاس میں وزارتی اجلاس کے لیے ایجنڈے اور مجوزہ اسلام آباد اعلامیے کو حتمی شکل دی گئی۔

ترجمان نے بتایا کہ ای سی او کے انتظامی اور مالی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، تنظیم کی کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے طریقوں پر غور کیا گیا۔

واضح رہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم کے 10 رکن ممالک اور تین مبصرین ہیں، پاکستان میں ہونے والے اس اجلاس کو خطے میں اقتصادی تعاون اور تجارتی روابط کے نئے مواقع تلاش کرنے کے حوالے سے اہم قرار دیا جارہا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...