دنیا نیوز کی صحافتی خدمات کا اعتراف، شارجہ بک اتھارٹی نے تعریفی اعزاز پیش کیا
شارجہ: (دنیا نیوز) متحدہ عرب امارات میں 45ویں شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر 2026ء کے موقع پر دنیا نیوز کی صحافتی خدمات اور عالمی کتاب میلے کی کوریج میں تعاون کو سراہتے ہوئے شارجہ بک اتھارٹی کی جانب سے تعریفی اعزاز پیش کیا گیا۔
دنیا نیوز کے متحدہ عرب امارات میں بیورو چیف سید مدثر خوشنود نے ادارے کی نمائندگی کرتے ہوئے اعزاز وصول کیا، شارجہ بک اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ تعریفی سند میں بین الاقوامی کتاب میلے میں شرکت اور اس کی کامیابی کیلئے تعاون کو سراہا گیا۔
ایکسپو سینٹر شارجہ میں 4 سے 15 نومبر تک منعقد ہونے والے 45ویں شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر میں دنیا بھر سے ناشرین، ادیبوں، دانشوروں اور ثقافتی شخصیات نے شرکت کی، 12 روزہ عالمی میلے کے دوران علم و ادب، اشاعتی صنعت، ثقافتی تبادلوں اور جدید ٹیکنالوجی سے متعلق مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔
اس موقع پر شارجہ بک اتھارٹی نے میلے کے انعقاد اور کامیابی میں تعاون کرنے والی شخصیات اور اداروں کی خدمات کو بھی سراہا، تعریفی اعزاز وصول کرنے کے بعد سید مدثر خوشنود نے شارجہ حکومت اور شارجہ بک اتھارٹی کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ شارجہ کی جانب سے علم و ادب، ثقافت اور بین الاقوامی اشاعتی صنعت کے فروغ کیلئے کیے جانے والے اقدامات قابل تحسین ہیں، دنیا نیوز متحدہ عرب امارات میں ہونے والی اہم بین الاقوامی تقریبات، ثقافتی سرگرمیوں اور پاکستان و متحدہ عرب امارات کے دوستانہ تعلقات کو اپنی صحافتی کوریج کے ذریعے اجاگر کرتا رہے گا۔
سید مدثر خوشنود نے مزید کہا کہ شارجہ انٹرنیشنل بک فیئر دنیا بھر کے ادیبوں، ناشرین اور قارئین کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔
انہوں نے شارجہ بک اتھارٹی کی انتظامیہ، بالخصوص چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد بن رکاض العامری کا بھی شکریہ ادا کیا، اور کہا کہ اس نوعیت کی حوصلہ افزائی صحافتی اداروں کو علم و ثقافت کے فروغ میں اپنا کردار مزید مؤثر انداز میں ادا کرنے کا حوصلہ دیتی ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments