شام کا اقوام متحدہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں اور جارحانہ پالیسیوں پر احتجاج
نیویارک: (دنیا نیوز) شام نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں اور جارحانہ پالیسیوں پر احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی اقدامات کے باعث ملک بھر میں 2011 کے بعد سب سے بڑے مظاہرے دیکھنے میں آئے ہیں۔
اقوام متحدہ میں شام کے سفیر ابراہیم اولابی کے مطابق اسرائیلی فوج کے ہاتھوں معذور نوجوان کی ہلاکت کے بعد شمال سے جنوب تک احتجاجی مظاہرے شروع ہوئے جن میں اسرائیلی حملوں، گرفتاریوں، جبری گمشدگیوں اور اراضی پر قبضے کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔
انہوں نے اسرائیل سے شام کی خودمختاری کا احترام کرنے اور خطے میں کشیدگی ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔
شام کے لئے اقوام متحدہ کے نائب خصوصی ایلچی کلاڈیو کورڈو کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کی دراندازی، گولہ باری، عارضی چیک پوسٹوں اور گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے، جس سے شام کی خودمختاری اور شہریوں کی بنیادی ضروریات متاثر ہو رہی ہیں۔
انہوں نے 1974ء کے اسرائیل، شام جنگ بندی معاہدے کی مکمل پاسداری پر زور دیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments