پاکستان پُرامن و مستحکم افغانستان کا خواہاں، سکیورٹی خدشات دور کریں: اسحاق ڈار

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ خطے میں ترقی کے لیے بات چیت کے ذریعے تنازعات کا خاتمہ ضروری ہے، پرامن اور مستحکم افغانستان کے خواہشمند ہیں، سکیورٹی خدشات دور کیے جائیں۔

ای سی او وزرائے خارجہ اجلاس سے افتتاحی خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ معزز مہمانوں کو خوش آمدید کہتے ہیں، پاکستان رکن ممالک کےدرمیان رابطوں کیلئے کردار ادا کرے گا، درپیش چیلنجز کا مقابلہ مل کر کرنا ہوگا۔

اسحاق ڈار نے اقتصادی ایجنڈے کی کامیابی کے لیے امن اور استحکام کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ امن اور ترقی ایک دوسرے کو تقویت دیتے ہیں، اقتصادی تعاون استحکام میں مشترکہ مفادات پیدا کرتا ہے، جبکہ عدم تحفظ ترقیاتی منصوبوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں تنازعات اور عدم استحکام پر گہری تشویش رکھتا ہے، خطے میں تنازعات کے اثرات قومی سرحدوں سے آگے تک پھیلتے ہیں، عدم استحکام سے تجارتی راستے، توانائی کی فراہمی، سرمایہ کاری اور عوام کے اقتصادی منصوبے متاثر ہوتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان عالمی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے پرامن حل کا مسلسل حامی رہا ہے، وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور دفتر خارجہ برادر ممالک اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ قریبی رابطے میں رہے ہیں، پاکستان پرامن حل کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان مذاکرات، کشیدگی میں کمی اور پائیدار علاقائی استحکام کے لیے سفارتی کوششیں جاری رکھے گا، افغانستان کے حوالے سے بھی پاکستان کا نقطہ نظر امن اور علاقائی تعاون کے عزم کا عکاس ہے، پاکستان ایک پرامن، خوشحال اور مستحکم افغانستان کا خواہاں ہے، جو ای سی او کے فریم ورک میں مکمل طور پر ضم ہو اور اپنے تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ امن سے رہے۔

انہوں نے زور دیا کہ افغانستان میں امن اور استحکام کا فائدہ صرف افغان عوام کو نہیں بلکہ پورے خطے کو ہوگا، مستحکم افغانستان تجارت، ٹرانزٹ اور اقتصادی تعاون کے نئے اہم مواقع کھول سکتا ہے، بامعنی پیش رفت کے لیے افغان حکام کو پڑوسی ممالک کے جائز سکیورٹی خدشات، خصوصاً دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ عالمی معاہدوں اور وعدوں کی پاسداری پر اعتماد علاقائی روابط کے لیے ضروری ہے، غیر حل شدہ تنازعات اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کی عدم تکمیل اعتماد کو نقصان پہنچا سکتی ہے، غیر حل شدہ تنازعات اور عالمی ذمہ داریوں کی عدم تکمیل اقتصادی ترقی کی راہ میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان تجارت اور سرمایہ کاری فروغ چاہتا ہے، باہمی تعاون سے ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، خطے میں معاشی ترقی کیلئے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔

مشرق وسطیٰ میں کی کشیدہ صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ بات چیت کے ذریعے تنازعات کا حل ضروری ہے، تیزی سے بدلتی ٹیکنالوجی کے پیش نظر علاقائی روابط مستحکم بنانا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان بات چیت اورسفارتکاری سےمسائل کاحل چاہتا ہے، پاکستان خطے میں امن واستحکام کیلئے کوشاں ہے، علاقائی تعاون کا احیا ہماری گزشتہ کوششوں کو آگے بڑھانے کا نام ہے، علاقائی تعاون کا احیا ہمارے سامنے موجود چیلنجز اور مستقبل کے امکانات دونوں کی عکاسی کرتا ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہ اکہ جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال، معاشی دباؤ اور تیز رفتار تکنیکی تبدیلی کے دور میں مضبوط علاقائی تعاون کی ضرورت مزید بڑھ گئی ہے، ہمارے ممالک کو درپیش بہت سے چیلنجز قومی سرحدوں سے ماورا ہیں، مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے قریبی رابطہ کاری اور اجتماعی اقدامات کی ضرورت ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ علاقائی تعاون کی بحالی کے لیے نئے سرے سے سب کچھ شروع کرنے کی ضرورت نہیں، موجودہ بنیادوں کو مضبوط بنانے اور پہلے سے کیے گئے وعدوں کو نئے عزم کے ساتھ آگے بڑھانے کی ضرورت ہے، علاقائی تعاون کو عوامی ضروریات کے مطابق مزید مؤثر اور فعال بنانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری مضبوطی کا انحصار صرف چیلنجز سے نمٹنے پر نہیں بلکہ ان کے لیے پیشگی تیاری پر بھی ہے، مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مضبوط شراکت داریوں کی تعمیر بھی ضروری ہے، ای سی او کے تحت رواں سال وزارتی اور شعبہ جاتی اجلاسوں نے اہم شعبوں میں تعاون کا تسلسل برقرار رکھنے میں مدد دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ نومبر 2025 میں ای سی او وزرائے تجارت کی منظور کردہ روڈ میپ علاقائی تجارتی انتظامات کے فروغ کی بنیاد فراہم کرتی ہے، رواں سال ستمبر میں نیویارک میں ہونے والے ای سی او کے غیر رسمی کونسل اجلاس میں گہرے اقتصادی انضمام اور روابط کے مشترکہ عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ اقتصادی تعاون کے اسٹریٹجک اہداف 2026 سے 2035 کو حتمی شکل دینے کے لیے ہونے والے کام نے مستقبل کی کوششوں کی سمت متعین کرنے میں مدد دی، یہ پیش رفت ای سی او کے آئندہ مرحلے کے کام کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتی ہے۔

اسحاق ڈار نے بتایا کہ اب ترجیح عملی اقدامات کے ذریعے اس پیش رفت کو آگے بڑھانا ہے، ایسے عملی اقدامات کی ضرورت ہے جو اقتصادی روابط مضبوط اور خطے کے عوام کو دیرپا فوائد فراہم کریں، ہمارے خطے کے قدرتی وسائل، توانائی کے ذخائر، زرعی صلاحیت اور اسٹریٹجک محل وقوع قریبی اقتصادی تعاون کے وسیع امکانات فراہم کرتے ہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ خطے کی جغرافیائی قربت ہی اقتصادی تعاون کی صلاحیت سے فائدہ اٹھانے کے لیے کافی نہیں، پاکستان کی ای سی او صدارت کے دوران پانچ ترجیحات پر کام کیا جائے گا، پہلی ترجیح تجارت اور سرمایہ کاری کا فروغ ہے، علاقائی منڈیوں تک رسائی، ویلیو چینز کے استحکام اور نجی شعبے کی زیادہ سے زیادہ شمولیت کی حمایت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کی شمولیت پر خصوصی توجہ دی جائے گی، کاروباری برادریوں کے درمیان قریبی روابط سے تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھائے جا سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ دوسری ترجیح علاقائی روابط کا فروغ ہے، وسطی ایشیا، جنوبی ایشیا اور بحیرہ عرب کے ساحل پر پاکستان کی بندرگاہوں کے درمیان ٹرانسپورٹ اور ٹرانزٹ روابط بہتر بنانے کے لیے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کام کریں گے، کسٹمز طریقہ کار میں ہم آہنگی، سرحدی انتظامات میں بہتری اور قابلِ اعتماد ٹرانزٹ نظام تجارتی راستوں کے لیے ضروری ہیں۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ علاقے میں اشیا کی نقل و حرکت آسان بنانے کے لیے ای سی او کے موجودہ ٹرانسپورٹ اور ٹرانزٹ نظام سے فائدہ اٹھانا اہم ہوگا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ تیسری ترجیح ای سی او تجارتی معاہدے کو آگے بڑھانا ہے، نومبر 2025 میں ای سی او وزرائے تجارت کی منظور کردہ مذاکراتی حکمت عملی اور روڈ میپ تجارتی معاہدے کو جدید بنانے کی بنیاد فراہم کرتے ہیں، پاکستان مؤثر، جامع اور ڈیجیٹل سہولیات سے آراستہ علاقائی تجارتی نظام کے لیے رکن ممالک کے درمیان مسلسل رابطوں کی حمایت کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ چوتھی ترجیح علاقائی سطح پر قدرتی اور معاشی چیلنجز سے نمٹنے کی صلاحیت مضبوط بنانا ہے، موسمیاتی تبدیلی، قدرتی آفات اور پانی و توانائی کے وسائل پر بڑھتا دباؤ ہماری معیشتوں اور معاش پر سنگین اثرات مرتب کر رہا ہے، آفات سے نمٹنے کی تیاری، پیشگی انتباہی نظام، پانی کے پائیدار انتظام اور موسمیاتی تبدیلیوں کے مقابلے کی صلاحیت رکھنے والے انفراسٹرکچر میں تعاون ضروری ہے۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ پانچویں ترجیح عوام اور انسانی وسائل پر سرمایہ کاری ہے، خطے کی نوجوان آبادی ہماری سب سے بڑی طاقتوں میں سے ایک ہے، تعلیم، تحقیق، جدت اور فنی تربیت کے بہتر مواقع نوجوانوں کو بدلتی معیشتوں کی ضروریات کے مطابق مہارتیں فراہم کر سکتے ہیں، کاروباری سرگرمیوں کے فروغ اور پیشہ ورانہ تبادلوں سے علاقائی انضمام کی انسانی بنیادیں مزید مضبوط ہوں گی۔

انہوں نے زور دیا کہ ای سی او کی پانچوں ترجیحات ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں، مضبوط علاقائی روابط تجارت کو فروغ دیتے ہیں جبکہ زیادہ سرمایہ کاری سے معاشی مواقع پیدا ہوتے ہیں، قدرتی چیلنجز سے نمٹنے اور انسانی ترقی میں تعاون ان معاشی فوائد کو برقرار رکھنے میں مددگار ثابت ہوگا، ان ترجیحات کی کامیابی کا انحصار مشترکہ طور پر مؤثر انداز میں اہداف کے حصول پر ہوگا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...