پنجاب حکومت نے اینٹی ریپ ایکٹ لانے اور خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا، عظمیٰ بخاری

لاہور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب نے خواتین اور بچوں کو ریپ، گھریلو تشدد، اور دیگر جرائم اور استحصال سے تحفظ دینے کے لیے انسداد دہشت گردی عدالتوں کی طرح خصوصی عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے مطابق یہ فیصلہ مریم نواز کی قیادت میں لاء اینڈ آرڈر اور خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم پر آج ہونے والے ایک خصوصی اجلاس کے دوران کیا گیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں اینٹی ریپ ایکٹ لایا جائے گا جسے خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے موجود دیگر قوانین مثلاً گھریلو تشدد کے خلاف خواتین کا تحفظ ایکٹ اور پنجاب ڈیسیٹیٹیوٹ اینڈ نیگلیکٹڈ چلڈرن ایکٹ کے ساتھ ملا کر ایک جامع قانون بنا کر صوبے میں لاگو کیا جائے گا جس کے لیے سپیشل کورٹس قائم کی جائیں گی۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ یہ عدالتیں خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے مقدمات میں تیز رفتاری سے ٹرائل مکمل کر کے متاثرین کو فوری انصاف دلائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں تکلیف دہ بات وزیر اعلیٰ کے سامنے آئی کہ سال 2025 میں خواتین اور بچوں کے خلاف مقدمات میں سزاؤں کی شرح 0.7 فیصد یعنی نہ ہونے کے برابر ہے۔ ”اس سے اندازہ لگا لیں کہ جرائم پیشہ افراد کسی عورت یا بچے کے ساتھ ظلم کرتے ہیں اور پھر وکٹری کا نشان بناتے ہوئے بڑی آسانی سے بری ہو کر باہر آ جاتے ہیں۔“

ان کے مطابق مریم نواز نے اجلاس کے دوران خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کے مقدمات میں سزائیں نہ ہونے پر تشویش کا اظہار کیا اور بطور خاص ایک شخص کا ذکر کیا جن کی بیٹی کے ساتھ ریپ ہوا تھا مگر ملزم عدالت سے باعزت بری ہو گیا جس پر انصاف نہ ملنے پر مایوس ہو کر انہوں نے خودکشی کر لی تھی۔

عظمیٰ بخاری نے اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے کہا کہ 2025 میں بچوں کے خلاف جرائم کے 44 فیصد کیسز میں پڑوسی جبکہ 54 فیصد کیسز میں گھر کے افراد یا رشتہ دار ملوث پائے گئے۔

ان کے مطابق یہ اعداد و شمار دیکھتے ہوئے مریم نواز نے ’سخت قانون‘ لانے اور خصوص عدالتیں قائم کرنے کا فیصلہ کیا تاکہ ان جرائم کے مرتکب افراد ’باعزت بری‘ نہ ہو سکیں۔

عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ اس سلسلے میں مریم نواز چیف جسٹس سے بھی ملاقات کریں گی۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ خواتین اور بچے وزیراعلیٰ مریم نواز کی ریڈ لائن ہیں اور ان سے متعلق مقدمات میں سزاؤں کی شرح بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

وزیر اطلاعات نے لاء اینڈ آرڈر کی صورتحال بہتر کرنے کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے جرائم کنٹرول کرنے اور عوام کی جان اور مال کے تحفظ کے لیے ہیلپ ڈیسک، ورچوئل پولیس اسٹیشنز، ورچوئل سنٹرز فار چائلڈ سیفٹی، اور ریپ اور چائلڈ ابیوز کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی اور موبائل پولیس اسٹیشنز قائم کیے۔

انہوں نے بتایا کہ ورچوئل پولیس اسٹیشن پر 12 لاکھ 40 ہزار خواتین نے رجوع کیا، جبکہ 27 ہزار سے زائد افراد کی شکایات دور کی گئیں۔ ان کے مطابق، ورچوئل پولیس اسٹیشن پر سب سے زیادہ شکایات گھریلو تشدد سے متعلق موصول ہوتی ہیں اور اس حوالے سے 96 ہزار 892 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں ایک لاکھ گمشدہ بچوں کو تلاش کرکے ان کے والدین تک پہنچایا گیا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خواتین کی شکایات سے متعلق ایک اسٹڈی بھی کرائی گئی ہے جس میں جنوبی پنجاب سے خواتین کی جانب سے نسبتاً کم شکایات سامنے آنے کا ذکر ہے۔

چوہدری سالک حسین کی جانب سے پنجاب حکومت پر لگائے گئے کرپشن کے الزامات پر سوال کیا جس کے جواب میں صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ کہ سالک حسین نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے قانونی نوٹس کے جواب میں آڈیٹر جنرل کی رپورٹ کا حوالہ دیا ہے، تاہم آڈٹ رپورٹ میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کو براہِ راست کرپشن نہیں کہا جا سکتا۔

آڈٹ پیراز کے کرپشن کا ثبوت نہ ہونے پر زور دیتے ہوئے انہوں ںے مزید کہا کہ آڈٹ پیراز پر محکمے اور آڈیٹرز پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں وضاحت دیتے ہیں اور اگر کسی رقم کے غلط استعمال کا معاملہ سامنے آئے تو اس کی ریکوری بھی کی جاتی ہے۔ ان کے بقول، آڈٹ پیراز میں سے 90 فیصد سے زیادہ نمٹا دیے جاتے ہیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ان کے پاس آڈیٹر جنرل آف پاکستان کی 2025-26 کی رپورٹ موجود ہے، جس میں وفاقی وزیر سالک حسین کے زیرِ انتظام اوورسیز ڈیپارٹمنٹ کے حوالے سے بھی آڈٹ پیراز ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس محکمے کے لیے مختص 11 ارب روپے میں سے 7 ارب روپے کے آڈٹ پیراز سامنے آئے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ اگر آڈٹ رپورٹ کو کرپشن قرار دینے کا اصول اپنایا جائے تو سالک حسین کو اپنے محکمے کے آڈٹ پیراز کا بھی جواب دینا ہوگا۔ ان کے مطابق، اگر کوئی آڈٹ پیرا تصفیہ طلب رہ جائے یا اس پر ریکوری نہ ہو تو اس کے بارے میں سوال اٹھانا درست ہے۔

ان کے مطابق کہا جاتا ہے کہ کرپشن کس صوبے میں نہیں ہوتی لیکن آج میں یہ واضح کرنا چاہتی ہوں کہ کرپشن ہر صوبے میں ہوتی ہے لیکن اس کے خلاف کارروائی صرف پنجاب میں ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز کی ہدایت پر پنجاب میں اینٹی کرپشن نے کرپشن کے الزامات پر 723 افراد کو گرفتار کیا، جن میں 408 سرکاری ملازمین مبینہ طور پر رشوت لیتے ہوئے پکڑے گئے جبکہ انکوائری کے بعد مزید 315 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت کے خلاف الزامات لگائے جائیں گے تو ان کا جواب بھی دیا جائے گا، تاہم مریم نواز کی کسی سے ذاتی لڑائی نہیں اور ان کی توجہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور حکومتی اقدامات پر ہے۔

پنجاب حکومت کے سرکاری طیارے کے استعمال اور اخراجات سے متعلق سوال پر عظمیٰ بخاری نے کہا کہ طیارے کے آپریشن اور دیکھ بھال پر اخراجات آنا معمول کی بات ہے اور ایک سال کے اخراجات کابینہ سے منظور ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ ریاستی ملکیت کے طیاروں کی دیکھ بھال کرتی ہے اور پنجاب حکومت کا طیارہ بھی اسی مقصد کے لیے اس کے حوالے کیا گیا ہے۔ ان کے مطابق طیارے کے اخراجات کا دیگر طیاروں سے تقابلی جائزہ لیا جا سکتا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں موجود دہشت گردی سے وابستہ گروہوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ ان کے مطابق، بعض عناصر دوسرے صوبوں میں جا کر پناہ لیتے ہیں، جن کے خلاف کارروائی کے لیے متعلقہ صوبوں کے ساتھ رابطہ اور تعاون کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی دہشت گرد کو کہیں بھی چھپنے نہیں دیا جائے گا۔

نئے صوبوں کے قیام سے متعلق ریفرنڈم کے سوال پر وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ اس کا فیصلہ وفاقی حکومت، وفاقی کابینہ اور وزیراعظم کریں گے، ان کے مطابق، پارٹی قیادت اس معاملے پر اتفاقِ رائے سے جو فیصلہ کرے گی، پنجاب حکومت اس پر عمل درآمد کرے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...