شہریوں کو تیز رفتار ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح :آصف چودھری
ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے ایف ڈی اے کا سروسز ڈیلیوری نظام جدید بنایا جا رہا ہے
فیصل آباد (خصوصی رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی (ایف ڈی اے ) محمد آصف چودھر ی نے کہا ہے کہ درخواست گزاروں کو تیز رفتار ریلیف کی فراہمی اولین ترجیح ہے ، جس کے لیے ادارے میں سروسز ڈیلیوری کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرتے ہوئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کو بھرپور انداز میں بروئے کار لایا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو سہولت، شفافیت اور میرٹ کی بنیاد پر بروقت خدمات فراہم کی جا سکیں۔ عوامی شکایات کے ازالے اور ادارہ جاتی امور میں بہتری کے لیے عملی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔وہ اپنے دفتر میں حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی کے تحت شہریوں سے ملاقات کے دوران ان کے انفرادی و اجتماعی مسائل اور شکایات سن رہے تھے ۔ اس موقع پر مختلف شہریوں نے نقشہ جات کی منظوری، کمرشلائزیشن، جائیداد سے متعلق امور، نجی ہاؤسنگ سکیموں اور دیگر شہری مسائل کے حوالے سے درخواستیں پیش کیں۔ڈائریکٹر جنرل نے شہریوں کی شکایات کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مسائل کے حل کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں اور ہر درخواست پر مقررہ وقت کے اندر میرٹ کے مطابق کارروائی مکمل کرکے درخواست گزاروں کو پیش رفت سے آگاہ کیا جائے ۔محمد آصف چودھری نے مزید ہدایت کی کہ ایف ڈی اے کے زیرکنٹرول رہائشی کالونیوں اور کمرشل مارکیٹس میں ناجائز تجاوزات کے خاتمے کے لیے مؤثر کارروائیاں کی جائیں اور سرکاری و عوامی مقامات پر غیر قانونی قبضوں اور تجاوزات کی کسی صورت اجازت نہ دی جائے ۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہریوں کی جائز شکایات کے ازالے میں کسی قسم کی غفلت یا تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments