پاکستان ازبکستان گروتھ ونڈو کا قیام ،سفیر نے افتتاح کر دیا
گوجرانوالہ(سٹی رپورٹر)تدریسی اور تجارتی تعاون کے فروغ کیلئے گوجرانوالہ بزنس سینٹر اور ازبکستان کی ایمبیسی کے اشتراک سے گفٹ یونیورسٹی میں پاکستان ازبکستان گروتھ ونڈو کا قیام عمل میں لایا گیا۔
اس سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ازبکستان کے سفیر علی شیر توختایف، چیئرمین گوجرانوالہ بزنس سینٹر احمد اکرام لون اور چیئرمین یونیورسٹی انور ڈار شریک تھے ، گروتھ ونڈو کا افتتاح ازبکستان کے سفیر نے کیا، انٹرنیشنل گروتھ ونڈو گوجرانوالہ بزنس سینٹر اور گفٹ یونیورسٹی کا مشترکہ منصوبہ ہے جس کا مقصد دوسرے ممالک کے ساتھ باہمی تعاون اور سٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دینا ہے ،پاکستان ازبکستان گروتھ ونڈو اس سلسلے کا چھٹا بین الاقوامی منصوبہ ہے جو کسی شراکت دار ملک کے ساتھ قائم کیا گیا ہے ، اس گروتھ ونڈو کا مقصد پاکستان اور ازبکستان کی صنعتوں، تعلیمی اداروں، کاروباری برادری اور عالمی شراکت داروں کے درمیان پائیدار روابط قائم کرنا ہے ، یہ گروتھ ونڈو سٹریٹجک گیٹ وے کے طور پر کام کرے گی جس کی بدولت دونوں ممالک کے درمیان تحقیقی، تجارتی، ٹیکنالوجی، تعلیم اور ثقافتی تعاون کے نئے دروازے کھلیں گے ۔چیئرمین جی بی سی احمد اکرام لون نے دونوں ممالک کا اشتراک نہ صرف تعلیمی بلکہ اقتصادی میدان میں بھی دور رس نتائج مرتب کرے گا،اس موقع پر انور ڈار کا کہنا تھا کہ ہم گروتھ ونڈو کے ذریعے 3 بنیادی شعبوں میں تعاون کو فروغ دیں گے ،پہلا طلبہ و اساتذہ کے تبادلے اور تعلیمی روابط کا فروغ، دوسرا ریسرچ اور ٹیکنالوجی میں شراکت داری اور تیسرا اقتصادی اور صنعتی تعاون کو بڑھانا شامل ہوگا ۔