بانی چیئرمین کی رہائی کیلئے ہر جگہ احتجاج کرینگے :ریحانہ ڈار
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ، ڈسٹرکٹ رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کی ٹکٹ ہولڈر ریحانہ امتیاز ڈارنے کہا ہے کہ میرا ہر قدم عمران خان کی رہائی کیلئے ہے ، بانی پی ٹی آئی کی رہائی یقینی بنائیں گے اور ان کی رہائی کیلئے ہر جگہ احتجاج کریں گے ،حکومتی جبر و تشدد ہمارے مطالبات کی تکمیل کی جدوجہد کو روک نہیں سکتا۔
ہم قانون کی حکمرانی ، آئین کی بالا دستی ،حقیقی آزادی ،قومی خود مختاری ،بانی پی ٹی آئی کی فوری رہائی، جمہوریت کے فروغ و ملکی ترقی اور عوامی خوشحالی کی جدوجہد کررہے ہیں ہمارے مطالبات میں سیاسی کارکنوں پر جبر و تشدد کا سدباب اور اسکے مرتکب حکمرانوں کا کڑا محاسبہ بھی شامل ہے جس پر کوئی کمپرومائر نہیں کیا جائیگا۔ ان خیالات کا اظہار ریحانہ امتیاز ڈار، روبا عمر ڈار نے قائد کی بہنوں علیمہ خان، عظمیٰ خان،نورین خان سے اظہا ر یکجہتی کرنے کیلئے اڈیالہ جیل کے باہر ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ٹکٹ ہولڈر روبا عمر ڈار نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت کو جمہوری جدوجہد سے روکا جارہا ہے انتقامی کارروائیوں کے ذریعے حکمران ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے ، بانی چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں صعوبتوں کا شکار کرکے ان کا عزم متزلزل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جو کامیاب نہیں ہوگی وہ قوم کے حقیقی مسیحا اور خیر خواہ ہیں۔ پوری قوم مسائل کا شکار ہے مگر حکمرانوں کو سیاسی مخالفین کو دبانے سے فرصت نہیں حکمران اپنا اقتدار بچانے کے لئے جمہوری اقدار روند رہے ہیں ،حکمرانوں کو ظالمانہ اقدام کا حساب دینا پڑے گا۔