نالے کی عدم صفائی کولو روڈ پر پانی جمع ٹراما سنٹر تک رسائی محال
سبزی اور پھل منڈی کے قر یب شہر کی مصروف ترین تجارتی شاہراہ کی صورتحال ابتر، علاقہ مکینوں کا فوری اصلاح کا مطالبہ
حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دنیا )ستھرا پنجاب پروگرام کے باوجود حافظ آباد میں کولو روڈ نزد سبزی منڈی میں پانی کی نکاسی کا دیرینہ مسئلہ حل نہ ہو سکا۔ اہم شاہراہ پر واقع گندے پانی کا نالہ عرصہ دراز سے عدم توجہی کا شکار ہے جو اکثر صفائی نہ ہونے کے باعث بند ہو جاتا ہے جس کے نتیجے میں سڑک پر گندا پانی جمع ہو کر شدید مشکلات کا سبب بن رہا ہے ۔ کولو روڈ شہر کی مصروف ترین تجارتی گزرگاہ ہے جہاں روزانہ سینکڑوں شہری سبزی اور پھل کی خریداری کیلئے آتے ہیں۔ سڑک پر مستقل کھڑا رہنے والا گندا پانی نہ صرف آمدورفت میں رکاوٹ بنتا ہے بلکہ بدبو کے باعث علاقہ مکینوں، تاجروں اور خریداروں کو اذیت کا سامنا ہے ۔
پیدل چلنے والوں اور موٹر سائیکل سواروں کیلئے صورتحال کسی مستقل خطرے سے کم نہیں۔اہم امر یہ ہے کہ اسی کولو روڈ کے ذریعے ٹراما سنٹر اور ڈسٹرکٹ جیل تک رسائی ہوتی ہے ۔ ٹراما سنٹر جانے والی ایمبولینسز اور مریضوں کوسڑک پر پانی کھڑا ہونے اور ٹریفک جام کی وجہ سے بارہا تاخیر اور دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو کسی ہنگامی صورتِ حال میں قیمتی جانوں کیلئے خطرہ بن سکتا ہے ۔ شہریوں نے اصلاح کا مطالبہ کیا ہے ۔