تیز رفتاری، لاپرواہی، غلط اوور ٹیکنگ، ہیلمٹ استعمال نہ کرنا اور گاڑیوں کی بے احتیاطی حادثات کی بڑی وجوہات
گوجرانوالہ (راجہ ماجد سے ) سال 2025 کے دوران گوجرانوالہ میں ٹریفک حادثات میں 265 افراد جان کی بازی ہار گئے اور 26,780 سے زائد زخمی ہوئے ۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، ضلع بھر میں 24,903 ٹریفک حادثات پیش آئے ۔تفصیلات کے مطابق، تیز رفتاری، لاپرواہی، غلط اوور ٹیکنگ، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی، موٹر سائیکل سواروں کا ہیلمٹ استعمال نہ کرنا اور کمرشل گاڑیوں کی بے احتیاطی حادثات کی بڑی وجوہات بنی۔ شہری علاقوں کے ساتھ ساتھ جی ٹی روڈ، بائی پاسز، موٹر وے لنک روڈز اور مصروف شاہراہوں پر حادثات کی شرح زیادہ رہی۔ریسکیو 1122 کے ذرائع کے مطابق زخمیوں میں بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے ، جبکہ متعدد افراد مستقل معذوری کا شکار بھی ہوئے ۔ موٹر سائیکل حادثات سب سے زیادہ رپورٹ ہوئے جن میں ایک یا ایک سے زائد افراد شدید زخمی ہوئے ، جبکہ بسوں، ٹرکوں اور ڈمپرز کے حادثات میں جانی نقصان زیادہ ہوا۔ٹریفک پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں میں آگاہی مہمات چلائی گئی اور چالاننگ کا عمل بھی جاری رہا، تاہم قوانین کی مسلسل خلاف ورزی حادثات میں اضافے کا سبب بنی۔ اوور لوڈنگ، غیر معیاری گاڑیوں کا سڑکوں پر آنا اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ بھی اہم عوامل رہے ۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے ، خطرناک مقامات پر اسپیڈ بریکرز، سگنلز اور کیمروں کی تنصیب کی جائے ، جبکہ کمرشل گاڑیوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے ۔ ضلعی انتظامیہ اور ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ آئندہ سال کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے ، جس میں ٹریفک انجینئرنگ، آگاہی مہمات اور قانون کی سختی سے عملداری شامل ہے تاکہ انسانی جانوں کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔