لدھیوالہ وڑائچ و عالم چوک: صفائی عملہ غیر حاضر، کوڑے کے ڈھیر
لدھیوالہ، کوٹ اسحاق اور عالم چوک (نامہ نگار/نمائندہ خصوصی) کرسمس کے موقع پر سینٹری ورکرز کو دی گئی چھٹیوں کے باعث لدھیوالہ، کوٹ اسحاق اور عالم چوک کے گلی محلوں میں صفائی کا عمل معطل ہو گیا، جس سے گلیاں کوڑے کے ڈھیر میں تبدیل ہو گئی ہیں۔
علاقہ مکینوں نے بتایا کہ گھروں کے باہر کوڑا کرکٹ جمع ہو چکا ہے ، جس سے شدید بدبو اور تعفن پھیل رہا ہے ۔ نالیاں بند ہونے اور مچھروں و مکھیوں کی بھرمار کے باعث مختلف بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے ۔ بچوں، بزرگوں اور خواتین کے لیے گھروں سے نکلنا مشکل ہو گیا ہے ، جبکہ مساجد جانے والے نمازی اور راہگیر بھی شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔شہریوں نے ڈپٹی کمشنر سے فوری نوٹس لینے اور صفائی کے عملے کو فوری تعینات کرنے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ علاقے میں دوبارہ صفائی اور صحت مند ماحول قائم کیا جا سکے ۔