گیپکو ہیڈکوارٹر زمیں آن لائن کچہری، شکایات سنی گئیں
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر) وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات کی روشنی میں گیپکو ہیڈکوارٹرز میں آن لائن کچہری کا انعقاد کیا گیا۔
آن لائن کچہری کے دوران جنرل منیجر آپریشن مظہر نوید نے گیپکو کی آفیشل فیس بک آئی ڈی کے ذریعے صارفین کی بجلی سے متعلق شکایات براہِ راست سنیں۔آن لائن سیشن کے دوران صارفین نے بلنگ، بجلی کی فراہمی میں تعطل، نئے کنکشنز اور مختلف تکنیکی مسائل سے متعلق شکایات پیش کیں، جن کے حل کے لیے متعلقہ افسران کو فوری ہدایات جاری کی گئیں۔اس موقع پر صارفین سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل منیجر آپریشن مظہر نوید نے کہا کہ فیس بک پر براہِ راست آن لائن کچہری کے انعقاد کا مقصد صارفین کو گھر بیٹھے سہولت فراہم کرنا، عوامی مسائل کے فوری حل کو یقینی بنانا اور گیپکو اور صارفین کے درمیان اعتماد کے رشتے کو مزید مضبوط کرنا ہے ۔ انہوں نے صارفین پر زور دیا کہ وہ بجلی کے بلوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں کیونکہ تاخیر سے ادائیگی نہ صرف ادارے کے مالی نظام کو متاثر کرتی ہے بلکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی میں بھی رکاوٹ بنتی ہے ۔جنرل منیجر آپریشن نے کہا کہ سردیوں کے موسم میں دھند کے باعث ٹرانسفارمرز کی چوری کی وارداتوں میں اضافہ ہو جاتا ہے ، اس لیے اگر رات کے وقت کسی علاقے میں اچانک بجلی بند ہو جائے یا ٹرانسفارمر کے قریب کوئی مشکوک سرگرمی نظر آئے تو عوام فوری طور پر گیپکو ہیلپ لائن 118 پر اطلاع دیں۔