رات گئے پولیس مقابلوں میں 6 ملزم زخمی حالت میں گرفتار

رات گئے پولیس مقابلوں میں 6 ملزم زخمی حالت میں گرفتار

گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر) شہر کے مختلف علاقوں میں رات گئے پولیس نے 6 الگ الگ مقابلوں اور کارروائیوں کے دوران قتل، راہزنی، چوری، موٹر سائیکل چوری، منشیات اور شراب فروشی کے مقدمات میں ملوث 6 ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق، تھانہ صدر گوجرانوالہ میں پولیس پارٹی پر فائرنگ کرنے والا ملزم حیدر علی فرار کی کوشش کے دوران زخمی حالت میں گرفتار ہوا۔ پولیس کے مطابق یہ ملزم راہزنی اور چوری کی 21 وارداتوں میں ملوث ہے ۔تھانہ سبزی منڈی کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ریکارڈ یافتہ منشیات فروش عمران عرف مانا پولیس پر فائرنگ کے بعد بجلی کے پول سے ٹکرا کر زخمی ہو گیا۔ تھانہ قلعہ دیدار سنگھ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ریکارڈ یافتہ منشیات فروش خالد محمود پولیس ناکہ سے فرار ہوتے ہوئے موٹر سائیکل سے گر کر زخمی ہوا، جس کے قبضے سے 1,460 گرام چرس برآمد کی گئی۔تھانہ ماڈل ٹاؤن پولیس کے مطابق منشیات اور موٹر سائیکل چوری کے مقدمات میں ملوث ملزم یوسف نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کی اور فرار کے دوران بجلی کے پول سے ٹکرا کر زخمی ہوا۔ پولیس نے اس کے قبضے سے 1,420 گرام چرس اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا۔تھانہ کوٹ لدھا کے علاقے میں پولیس مقابلے کے دوران قتل اور چوری کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم شہباز پولیس پر فائرنگ کے بعد موٹر سائیکل سے گر کر زخمی ہوا، جس کے قبضے سے ناجائز اسلحہ برآمد کر لیا گیا، جبکہ اس کا ساتھی ظہیر عرف چندو موقع سے فرار ہو گیا۔

ایک اور مبینہ پولیس مقابلہ تھانہ گرجاکھ کے علاقے میں پیش آیا، جہاں موٹر سائیکل چوری کے مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم محسن پولیس پارٹی پر فائرنگ کے بعد فرار ہوتے ہوئے موٹر سائیکل سے گر کر زخمی ہوا۔ پولیس نے اس کے قبضے سے مسروقہ موٹر سائیکل اور ناجائز اسلحہ برآمد کیا۔سی پی او ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کے مطابق فرار ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈی ایس پیز کی زیر نگرانی خصوصی پولیس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ شہر بھر میں ناکہ بندی بھی جاری ہے ۔ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اور امن و امان قائم رکھنا گوجرانوالہ پولیس کی اولین ترجیح ہے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں