حافظ آباد:اے سی کا ون ڈش، تجاوزات اور صفائی اقدامات کا جائزہ
حافظ آباد (نمائندہ دنیا) اسسٹنٹ کمشنر حافظ آباد نرجس خاتون جعفری نے ون ڈش پالیسی کے نفاذ، تجاوزات کے خلاف آپریشن کلین اپ، ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی ستھرائی اور بیوٹی فکیشن کے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا۔
ان کے ہمراہ ایس ڈی ای او پیرا فورس محمد شفیق ڈوگر، چیف آفیسر میونسپل کمیٹی اکرام اﷲ سندھو اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے ۔ حکومت پنجاب کے احکامات اور ڈپٹی کمشنر عبدالرزاق کی ہدایات پر، اسسٹنٹ کمشنر نرجس خاتون جعفری نے مختلف میرج ہالز کے اچانک دورے کیے تاکہ شادی بیاہ کی تقریبات میں ون ڈش پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے اور کھانے کے انتظامات کا جائزہ لیا جائے ۔اس کے علاوہ انہوں نے ونیکے روڈ اور شہر کے دیگر علاقوں میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کا جائزہ لیا اور پختہ تجاوزات کو ہیوی مشینری کے ذریعے ختم کروایا۔سٹھرا پنجاب پروگرام کے تحت شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کے کاموں کا بھی جائزہ لیا گیا اور علاقہ مکینوں سے فیڈ بیک حاصل کیا گیا۔ قبرستانوں کے دورے کے دوران فالتو جڑی بوٹیوں، گھاس اور دیگر فضلہ جات کو تلف کرنے کے انتظامات کا جائزہ بھی لیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر نے فیملی پارک، چوک چوراہے ، گرین بیلٹس اور دیگر عوامی مقامات کی بیوٹی فکیشن، شجر کاری اور تزئین و آرائش کے کاموں کا بھی جائزہ لیا۔