این اے 66 کی عوام کی محبت اور حمایت کا شکریہ :بلال تارڑ
وزیرآباد (ڈسٹرکٹ رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب ایم این اے بلال فاروق تارڑ نے حلقہ این اے 66 کی عوام کی محبت اور حمایت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ضلع وزیرآباد کے عوام کی خدمت کرنا ہمارا فرض اور اولین ترجیح ہے اور ہم بلاامتیاز ہر شہری کے مسائل حل کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے ۔
یہ بیان انہوں نے ممتاز سیاسی و سماجی شخصیت مختار احمد وڑائچ اور وڑائچ برادران کی طرف سے اپنے اعزاز میں دیے گئے عشائیہ کے موقع پر دیا۔ اس موقع پر عرفان افضل چٹھہ، امتیاز اظہر باگڑی، سابق چیئرمین منشاء چیمہ، افضال وڑائچ، حماد چیمہ، ظفر چیمہ، افتخار چیمہ، زاہد محمود ہاشمی سمیت مسلم لیگ (ن) کے اکابرین اور کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔عرفان افضل چٹھہ نے کہا کہ پی پی36 میں وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق ترقیاتی کام تیز رفتاری سے جاری ہیں اور جہاں آج تک ترقیاتی کام نہیں ہوئے ، وہاں بھی جلد منصوبے شروع کیے جائیں گے ۔ایم این اے بلال فاروق تارڑ نے مزید کہا کہ ضلع وزیرآباد کو ایک روشن اور مثالی ضلع بنانے کے لیے تمام توانائیاں صرف کی جائیں گی۔ حلقہ کی عوام کے لیے ہمارے دروازے چوبیس گھنٹے کھلے ہیں، الیکشن مہم میں کیے گئے وعدوں کی تکمیل اور مسلم لیگ (ن) کے منشور کے مطابق عوام کی خدمت ہماری اولین ترجیح ہے اور عوام کی توقعات پر پورا اترنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔