علی پورچٹھہ :صفائی کا نظام ناکام ،جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر
علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر)علی پورچٹھہ میں صفائی ستھرائی کا نظام مکمل طور پر ناکام ہو چکا ہے ، مختلف علاقوں اور محلہ جات میں جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگنے سے باقاعدہ ڈمپنگ پوائنٹس قائم ہو گئے ہیں جبکہ شہریوں نے صفائی کے نام پر بل موصول ہونے پر شدید غم و غصے کااظہار کیا ہے ۔
شہرکے متعدد محلہ جات اور بازاروں میں نالیوں کی بروقت صفائی نہ ہونے کے باعث گلیاں اور بازار زیرِ آب آ چکے ہیں۔ کوڑا کرکٹ اٹھانے کا نظام درہم برہم ہے اور صفائی عملہ صرف مرکزی شاہراہوں تک محدود رہ کر رسمی کارروائی کے بعد غائب ہو جاتا ہے رہائشی علاقوں میں گندگی کے انبار لگے ہوئے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومتِ پنجاب کی جانب سے صفائی کے نام پر کوڑے کے بل بھجوا دیئے گئے ہیں مگر زمینی حقائق اسکے برعکس ہیں۔ عوامی حلقوں نے اس عمل کو عوامی خدمت کے بجائے جیبوں کی صفائی قرار دیتے کہا کہ صفائی کے نام پر ٹیکس وصول کرنا ظلم کے مترادف ہے جبکہ عملی طور پر کوئی سہولت فراہم نہیں کی جا رہی۔ متعدد بار متعلقہ محکموں کو شکایات درج کروائیں مگر تاحال کوئی مؤثر کارروائی نہیں ہوئی۔عوامی حلقوں نے ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سے مطالبہ کیا ہے کہ صفائی کے ذمہ دار افسروں اور عملے کی ناقص کارکردگی، سستی اور نااہلی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے سخت کارروائی کی جائے اور علی پورچٹھہ میں صفائی کے نظام کو فی الفور بہتر بنایا جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے ۔