ناقص صفائی پر اظہار برہمی کوڑا پوائنٹس کلیئر کرنے کا حکم

ناقص صفائی پر اظہار برہمی کوڑا پوائنٹس کلیئر کرنے کا حکم

ڈپٹی کمشنرکاشہرمیں صفائی، سہولیات کا جائزہ ، خالی پلاٹوں میں کچرے کے ڈھیروں کاسخت نوٹس، جی ڈبلیو ایم سی کے کنٹریکٹر سے کلیئرنس عملدرآمد رپورٹ طلب

گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ نوید احمد نے علی الصبح شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا ،صفائی، تجاوزات خاتمے ،شہری سہولیات کا جائزہ لیااورصفائی کی ناقص صورتحال پرسخت برہمی کااظہار کیا۔ڈپٹی کمشنر نے شیخوپورہ روڈ پرسڑک کے اطراف تجاوزات اور غیرقانونی مویشی منڈیوں کے خاتمے ، کاروباری مراکز کے سامنے موجود کوڑا اور ملبہ ہٹانے کے اقدامات کا جائزہ لیا۔ دورانِ دورہ غیرقانونی طور پر سڑک کی کھدائی کرنے والے افراد کو گرفتارکر لیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ سرکاری املاک کو نقصان نہیں پہنچانے دینگے ۔ڈپٹی کمشنر نے مکی روڈپر اسد کالونی میں خالی پلاٹوں میں کچرے کے ڈھیروں اور شیخوپورہ روڈ سے ملحقہ علاقوں، گلہ بکر منڈی والا، محلہ اسلام پورہ سمیت رہائشی و صنعتی علاقوں میں صفائی کی ناقص صورتحال پر سخت برہمی کا اظہار کرتے جی ڈبلیو ایم سی کے کنٹریکٹر کو فوری طور پر تمام کوڑا پوائنٹس کلیئر کرنے کے احکامات جاری کیے اور شام چار بجے تک عملدرآمد رپورٹ طلب کر لی۔ ڈپٹی کمشنر نے شمسی چوک، کیو ڈی پی ایس ریلوے پھاٹک اور لائن کے اطراف بھی صفائی کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ صفائی کو ہمہ وقت برقرار رکھاجائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے مکی روڈ پر فلنگ سٹیشن کا بھی معائنہ کیا اور پیمانے چیک کیے ۔ انہوں نے کہا صارفین کے حقوق کے تحفظ کیلئے سخت اقدامات کیے جائینگے ۔ تمام اسسٹنٹ کمشنرز و محکمہ انڈسٹریز کے افسروں کو ضلع بھر کے فلنگ سٹیشنز کی چیکنگ کی ہدایت کی گئی ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں