حکومت کا صاف ستھرا پنجاب سمبڑیال شہر تک محدود

حکومت کا صاف ستھرا پنجاب سمبڑیال شہر تک محدود

سمبڑیال(سٹی رپورٹر )حکومت کا صاف ستھرا پنجاب سمبڑیال شہر تک محدود،دیہات میں جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر، عملہ رابطہ کرنے کے باوجودٹال مٹول سے کام کرنے لگا۔

 حکومت پنجاب کی طرف سے پنجاب بھر میں ‘‘صاف ستھرا پنجاب’’پروگرام شروع کیا گیا تھا جو کہ صرف سمبڑیال شہر مین جی ٹی روڈ تک محدود ہوچکا ہے ، تحصیل سمبڑیال کے دیہات بالخصوص کوٹ دینہ میں گھروں سے 200روپے سے لے کر500روپے ماہانہ وصول کرنے کے باوجود صاف ستھرا پنجاب کا عملہ نہ جانے کی وجہ سے جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے گاؤں میں تعفن پھیلنے سمیت بہت سی مہلک بیماریوں کے پھیلنے کا خدشہ لاحق ہوچکا ہے ،دیہاتوں کی اس بگڑتی صورتحال پر شہریوں میں شدید تشویش اورغم وغصہ پایا جارہا ہے ، شہریوں کا کہنا ہے کہ جس دن پیسے اکٹھے کرنے ہوتے ہیں آتے ہیں مگر باقی دنوں میں غائب رہتے ہیں، شہریوں عوامی سماجی حلقوں سمیت چوہدری مرید حسین گوندل ، ریاض ، عابد حسین ، محمد اکرم ، آصف سمیت دیگر کا کہنا تھا کہ صاف ستھرا پنجاب کے تیمور نامی تحصیل سپر وائزراور ضلعی سپروائزر سعد سے متعدد بار رابطہ کیا گیا ہے مگروہ ٹال مٹول سے کام لیتے ہوئے شہریوں کو ٹال دیتا ہے ،شہریوں نے اسسٹنٹ کمشنر عدنا ن بشیر سے فوری نوٹس لیتے ہوئے دیہی علاقو ں بالخصوص کوٹ دینہ میں صفائی کے انتظامات کروانے کا مطالبہ کیا ہے ۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں