میٹرو منصوبے کیلئے درختوں کی کٹائی پر اظہار تشویش
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما صغیر بٹ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میٹرو بڑا منصوبہ ہے ،
آغاز سے پہلے سگنل فری منصوبے کی وجہ سے شہریوں کے کاروبار زندگی متاثر ہوئے ،میٹرو منصوبے سے جی ٹی روڈ کے درمیان اور اطراف میں ہزاروں سایہ دار درخت کٹ رہے ہیں اور مزید کاٹے جائیں گے جو درخت کاٹے گئے ہیں ان کے متبادل کا کیا پروگرام ہے شہر کے کسی حصے میں یہی درخت لگا ئے جائیں گے یا انہیں ضائع کر دیا جا ئیگا۔ انہوں نے کہا کہ گوجرانوالہ بڑا صنعتی شہر ہے ،ہزاروں صنعتیں ہیں سڑکوں پر ٹریفک رواں دواں ہے جس کے باعث آلودگی کے مسائل رہتے ہیں جس کو قابو پانے کیلئے شہر بھر میں صرف جی ٹی روڈ پر ہی درخت ہیں،31 کلومیٹر لمبی میٹرو سڑک بننے سے سارے شہر کا سبزہ ختم ہو گا، اگر اسی 31 کلومیٹر میں لگے درخت جو عوام کو آکسیجن فراہم کر رہے ہیں وہ بھی کاٹ دئیے گئے تو سانس لینا بھی ناممکن ہوگا اور آلودگی کا انڈیکس بہت زیادہ ہو جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ فوری طور پر متبادل درخت لگائے جائیں جو کاٹے جا رہے ہیں انہیں دوسری جگہ شفٹ کیا جائے اور حفاظت کو یقینی بنایا جا ئے ۔