سیالکوٹ:کامیاب آزمائش کے بعد ای چالان سسٹم کا آ غاز
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )شہر اقبال میں ای چالان سسٹم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ،یہ جدید نظام ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر خودکار طریقے سے چالان جاری کرتا ہے جو بذریعہ کوریئر گھروں تک پہنچائے جائیں گے اور ساتھ ہی خلاف ورزی کی اطلاع ان کے رجسٹرڈ موبائل نمبرز پر بھی بھیجی جائے گی۔
سمارٹ سیف سٹی سیالکوٹ کے مطابق اس نظام کے باقاعدہ نفاذ سے قبل مختلف تجرباتی مراحل سے گزارا گیا جن میں شہریوں کو وارننگ ٹکٹس اور محدود جرمانے جاری کئے گئے ،آزمائشی مراحل کی کامیاب تکمیل کے بعد نظام مکمل طور پر فعال کر دیا گیا ہے ۔سیالکوٹ شہر میں 58 اہم مقامات پر 200 سے زائد جدید کیمرے نصب کئے گئے ہیں جو آرٹیفیشل انٹیلیجنس (AI) اور خودکار نمبر پلیٹ شناختی نظام (ANPR)سے لیس ہیں۔ کیمرے بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے ، ٹرپل سواری، موبائل فون کے استعمال، ریڈ سگنل کراسنگ، ون وے کی خلاف ورزی اور دیگر خلاف ورزیوں کو خودکار طریقے سے شناخت کر کے فوری ای چالان جاری کرتے ہیں ۔