شہری نہر اپر چناب اور کناروں پر کوڑا پھینکنے لگے ،حکام خاموش

شہری نہر اپر چناب اور کناروں پر کوڑا پھینکنے لگے ،حکام خاموش

گوجرانوالہ(نیوزرپورٹر)نہر اپرچناب میں اور کنارے پر کوڑا کرکٹ پھینکنے کے واقعات میں تشویش ناک حد تک اضافہ ہوگیا، محکمہ انہارکی طرف سے کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ،نہر کے کنارے کوڑے سے بھر گئے ۔

سالانہ بھل صفائی کے سلسلہ میں نہر یں بند ہیں، بائی پاس کے نواحی علاقوں کے مکینوں نے گلی محلہ سے اکٹھا ہونے والا کوڑا کرکٹ ریڑھیوں پر لوٖ ڈ کرکے نہراپر چناب کے اندر یا کناروں پر گرانا شروع کر دیا ہے جس سے میلوں طویل کوڑے کے ڈھیر لگ گئے ہیں۔ گوالوں نے بھی نہر کنارے ڈیرے لگا رکھے ہیں جہاں بھینسوں کے گوبر کے باعث گندگی کے ڈھیر لگے ہوتے ہیں ۔علاقہ مکینوں نے بھی گھروں،ڈیروں اور حویلیوں کی صفائی کے بعد کوڑا کرکٹ نہر کنارے گرانا شروع کر دیا ، سیوریج کے پانی کے باعث نہر اپر چناب گندے نالہ کا منظر پیش کرنے لگی ۔ نہر کے قریب رہنے والے مکینوں اور سیر کرنے والے شہریوں نے کوڑے کے ڈھیر فوری ختم کر انے کا مطالبہ کیا ہے ۔شہریوں نے کہا ہے کہ بھل صفائی کے دوران نہر کناروں کو صاف کرکے پودے لگائے جائیں تاکہ ماحول بہتر سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں