تحصیل آفس کامونکے میں مبینہ رشوت ستانی کا انکشاف
شہری نے فرد کیلئے رشوت لینے پر کلرک کیخلاف اینٹی کرپشن کو درخواست دیدی
کامونکے (تحصیل رپورٹر )تحصیل آفس کامونکے میں مبینہ رشوت ستانی کا انکشاف، شہری نے کلرک کے خلاف اینٹی کرپشن کو درخواست دیدی ۔ بتایا گیا ہے کہ تحصیل آفس کامونکے میں تعینات کلرک سفیان کے خلاف مبینہ طور پر رشوت لینے کی شکایت اینٹی کرپشن کو موصول ہوگئی۔ شہری محمد اکرم نے الزام عائد کیا ہے کہ فرد کے اجرا کے لیے اس سے 10 ہزار روپے رشوت طلب کی گئی۔ مدعی محمد اکرم کے مطابق وہ فرد کے حصول کے لیے متعدد بار تحصیل آفس کے چکر لگاتا رہا، جہاں ملزم کلرک مختلف حیلے بہانوں سے کام ٹالتا رہا اور کبھی نیٹ ورک جبکہ کبھی کمپیوٹر خراب ہونے کا جواز پیش کرتا رہا۔ درخواست گزار کا کہنا ہے کہ دو روز تک خوار کیا گیا اور بار بار دفتر کے چکر لگوائے گئے ۔ محمد اکرم نے مؤقف اختیار کیا کہ بعد ازاں سفیان نے فرد جاری کرنے کے لیے 10 ہزار روپے کا مطالبہ کیا، رقم ادا کرنے کے بعد اسے فرد جاری کی گئی۔ دوسری جانب جب اس حوالے سے کلرک سفیان سے رابطہ کیا گیا تو ا ن کا کہنا تھا کہ انہوں نے کوئی رشوت نہیں لی بلکہ سرکاری فیس وصول کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق اینٹی کرپشن حکام نے درخواست وصول کر کے معاملے کی جانچ شروع کر دی اور مزید کارروائی تحقیقات کی روشنی میں عمل میں لائی جائے گی۔