گجرات:نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے کیلئے اقدامات جاری
ڈی سی کا بولے چوک میں پائپوں کی تنصیب کا جائزہ ، ایم ڈی واسا کی بریفنگ
گجرات(سٹی رپورٹر ، نامہ نگار )گجرات میں مون سون سے قبل نکاسی آب کے نظام کی بہتری کیلئے واسا گجرات کے عملی اقدامات تیزی سے جاری، ڈپٹی کمشنر گجرات نور العین کا بولے چوک میں ایچ ڈی پی ای فورس مین پائپوں کی تنصیب کے عمل کا جائزہ،ایم ڈی واسا کاشان حفیظ بٹ نے بریفنگ دی ۔ ڈپٹی کمشنر نور العین نے کچہری چوک (ظہور الٰہی سٹیڈیم) میں زیر تعمیر 100 کیوسک کے ڈسپوزل سٹیشن کے سیوریج و نکاسی آب کے پانی کو بولے تک پہنچانے کیلئے تقریباً 2 کلومیٹر طویل ایچ ڈی پی ای فورس مین پائپ کی تنصیب عمل کا جائزہ لیا،اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا گجرات کاشان حفیظ بٹ نے جاری تعمیراتی سرگرمیوں، ٹائم لائن، تکنیکی معیار کے حوالے سے بریفنگ دی، ایم ڈی واسا کا کہنا تھا پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت شہر میں جاری سیوریج ترقیاتی منصوبوں کا مقصد برساتی پانی اور گھریلو سیوریج کے دباؤ کو کم کرتے ہوئے نکاسی آب کے نظام کو دیرپا بنیادوں پر مضبوط بنانے کیلئے ،کچہری چوک میں 100 کیوسک استعداد کے ڈسپوزل سٹیشن زیر تعمیر ہے جبکہ مدینہ سیداں میں 40 کیوسک صلاحیت کے ڈسپوزل سٹیشن پر بھی دن رات کام جاری ہے ،انہوں نے بتایا ڈیڑھ ماہ کے اندر دونوں ڈسپوزل سٹیشنز کے ایچ ڈی پی ای فورس مین پائپوں کی تنصیبات کے عمل کو تکمیل تک پہنچا دیا جائیگا، جس کے بعد محکمہ ہائی وے کچہری تا بولے تک جلالپورجٹاں روڈ کو تعمیر کر ے گا جبکہ دوسری جانب مدینہ سیداں میں بھی ایک کلومیٹر پر محیط ایچ ڈی ای پی فورس مین پائپ لائن کو بچھایا جائیگا۔