سیالکوٹ چیمبرکے وفدکی وزیر مملکت ہارون اختر سے مسائل پر ملاقات
سیالکوٹ (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نمائندہ دنیا ) سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد کی صدر احتشام مظہر کی زیرقیادت خواجہ مسعود اختر اور ڈپٹی سیکرٹری جمشید مرتضیٰ بدر کے ہمراہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صنعت وپیداوار ڈویژن (وزیر مملکت)ہارون اختر خان سے خصوصی ملاقات کی۔
ایکسپورٹ پروسیسنگ زون میں کاروبار کرنے میں آسانی پیدا کرنے اور ایکسپورٹ فسلیٹیشن سکیم کے تحت سہولت کے استعمال کی مدت میں اضافہ جیسے اہم امور پر غور کیا گیا۔ وزیراعظم کے معاون خصوصی نے تجاویز اور سفارشات کو توجہ سے سنا اور زیر بحث معاملات کے جلد حل کیلئے اپنے مکمل تعاون اور ادارہ جاتی معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری صنعت وپیداوار سیف انجم، ایڈیشنل سیکرٹری اسد اسلام ماہنی اورڈائریکٹر جنرل فرید ون اکرم شیخ بھی موجود تھے ۔