عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے :اسلم گھمن
سمبڑیال(سٹی رپورٹر)عوامی مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے اور شہر کے وسط میں قائم گورنمنٹ رورل ہیلتھ سینٹر سمبڑیال کو بھی جدید اور ماڈل ہسپتال بنایا جائے ۔
ہسپتال میں رین واٹر سٹوریج ٹینک نصب کرنا ماحول کیلئے نقصان دہ ہے ۔ مریضوں اورشہریوں کیلئے بھی پریشانی کا باعث بنے گا۔ان خیالات کا اظہار ممبر قومی اسمبلی بریگیڈیئر ریٹائرڈ اسلم گھمن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ واٹر سٹوریج ٹینک منصوبے سے قبل مقامی لوگوں کی رائے بھی نہیں لی گئی، جو کہ ایک تشویشناک امر ہے ۔ سمبڑیال میں تعلیم کے شعبے کو بھی نظر انداز کیا جا رہا ہے ۔ ایک طویل عرصے سے زیر التواء یونیورسٹی منصوبہ فنڈز کی کمی کے باعث مکمل نہیں ہو پا رہا، جس پر فوری توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔ بچیوں کی تعلیم کیلئے صرف ایک ہائی سکول ناکافی ہے ، آبادی کے لحاظ سے کم از کم تین مزید سکول ہونے چاہئیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی توجہ مبذول کرواتے ھوئے کہا کہ یہ وقت ہے کہ عوامی ضروریات کو سمجھتے ہوئے درست فیصلے کیے جائیں۔