وکلا برادری کے بچوں کو رعایتی تعلیم کیلئے معاہدوں پر دستخط
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر )ڈسٹرکٹ بار کے صدر رانا فرحان خاں اور سیکرٹری بار حق نواز اہتجر کے ساتھ الائنس آف پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن گوجرانوالہ کے وفد کی کمیٹی روم سیشن کورٹ میں میٹنگ ہوئی۔
وفد کی نمائندگی چیئرمین نجی سکول و سی ای او عمر ان گل اور ڈائریکٹر آپریشنز طیب شہزاد نے کی۔میٹنگ میں وکلا برادری کے بچوں کو معیاری تعلیم کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے مختلف معروف تعلیمی اداروں کیساتھ داخلہ وماہانہ فیس میں خصوصی رعایت دینے کیلئے مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے ۔جن اداروں سے معاہدے طے پائے ان میں رلز سکول، ایمپیکس گروپ آف کا لج، دی ریڈ ز سکول وکالج، اقرا ماڈل ہائی سکو ل، سائنس بیس سکول سسٹم سمیت دیگر نجی سکولز و کالجز کی مختلف برانچز شامل ہیں۔اس اقدام کا مقصد وکلا برادری کے بچوں کو معیاری تعلیمی اداروں میں مناسب فیس پر داخلے کی سہولت فراہم کرنا اور تعلیمی اخراجات میں ریلیف دینا ہے ۔ شہر کے مزید نامور سکولز وکالجز کی مکمل فہرست جلد جاری کر دی جائیگی۔صدر بار رانا فرحان خاں نے اس موقع پر کہا بار اپنے ممبران کی بہبود کیلئے ہرممکن اقدامات جاری رکھے گی۔