صنعتی بجلی ٹیرف میں کمی خوش آئند:علی ہمایوں بٹ
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)صدر گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری علی ہمایوں بٹ نے کہاہے کہ صنعتی بجلی ٹیرف میں کمی خوش آئند تاہم بھاری فکسڈ چارجز ایس ایم ایز کیلئے خطرہ بن سکتے ہیں۔
انہوں نے وفاقی حکومت کی جانب سے صنعتی بجلی ٹیرف میں فی یونٹ 4روپے 4پیسے کمی کو مثبت اور خوش آئند اقدام قرار دیتے کہا یہ فیصلہ صنعتوں کیلئے کسی حد تک ریلیف کا باعث بنے گا تاہم اس کے ساتھ عائد کئے گئے 1250 روپے فی کلوواٹ ماہانہ فکسڈ چارجز گوجرانوالہ کی20ہزار سے زائد چھوٹی و درمیانی صنعتوں کیلئے شدید مشکلات پیدا کر سکتے ہیں، گوجرانوالہ ہنر مند کاریگروں اور چھوٹے ورکشاپس کا شہر ہے جہاں بی ون اور بی ٹو کیٹیگری سے وابستہ صنعتی یونٹس محدود وسائل کے ساتھ کام کر رہے ہیں، ایسے میں بھاری فکسڈ چارجز انکے پیداواری اخراجات میں غیر معمولی اضافہ کرینگے ، جس سے نا صرف کاروباری سرگرمیاں متاثر ہونگی بلکہ روزگار کے مواقع بھی کم ہو سکتے ہیں، انہوں نے مطالبہ کیا کہ بی ون اور بی ٹو کیٹیگری کیلئے زیرو فکسڈ چارج پالیسی نافذ کی جائے تاکہ حقیقی معنوں میں ریلیف نچلی سطح تک منتقل ہو سکے ۔حکومت صنعت دوست پالیسیوں کے ذریعے کاروباری برادری کو درپیش مسائل کا فوری ازالہ کرے ۔