وزیرآباد: 92 کلو میٹر طویل سیوریج لائنز کا منصوبہ
وزیر بلدیات ذیشان رفیق کا مریدکے ، کامونکے ، وزیرآباد، علی پور چٹھہ ،پنڈی بھٹیاں کادورہ ،ترقیاتی کاموں کاافتتاح ، معائنہ کیا، ہدایات جاری
گوجرانوالہ، کامونکے ،وزیرآباد،علی پورچٹھہ (سٹاف رپورٹر،نامہ نگار،ڈسٹرکٹ رپورٹر،تحصیل رپورٹر)وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے مختلف شہروں کا دورہ کر کے دورے پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی)کے تحت کاموں کا افتتاح اور سکیموں کا معائنہ کیا۔ وزیر بلدیات نے مریدکے ، کامونکے‘ وزیر آباد، علی پور چٹھہ اور پنڈی بھٹیاں کا دورہ کیا۔ کامونکی میں کمشنر نوید حیدر شیرازی، ڈپٹی کمشنر نوید احمد، اسسٹنٹ کمشنر زرغونہ خالد سعید ،ایم پی اے چودھری اختر علی بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے صوبائی وزیر کو پی ڈی پی پر بریفنگ دی گئی۔ ذیشان رفیق نے ضلعی افسروں کو ہدایات جاری کرتے کہا کہ پی ڈی پی کی شکل میں وزیراعلیٰ مریم نواز کے شہروں کی تعمیر و ترقی کے تاریخی سفر کا آغاز ہوگیا۔ مریم نواز کے سوہنا پنجاب کے تحت اگلے 25 سال تک کی آبادی کیلئے سکیمیں بنیں گی۔
صوبائی وزیر نے کامونکی بازار، انڈر پاس کا بھی دورہ کر کے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔ وزیر آباد میں افتتاحی تقریب میں ایم این اے بلال فاروق تارڑ، ایم پی اے وقار چیمہ،عدنان افضل چٹھہ نے بھی شرکت کی۔ ذیشان رفیق نے کہا پی ڈی پی شہروں کے دہائیوں سے موجود مسائل کے حل کا باعث بنے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام سکیموں کو شفافیت اور تیز رفتاری کے ساتھ مکمل کیا جائے ۔ کھدائی والی جگہوں پر سیفٹی ہر صورت میں یقینی بنائی جائے ۔ صوبائی وزیر بلدیات میاں ذیشان رفیق نے وزیرآباد میں پی ڈی پی کے تحت آلہ آباد میں باقاعدہ سنگ بنیاد کے موقع پرکہاکہ وزیرآباد میں 92 کلومیٹر پر محیط سیوریج لائنیں بچھا رہے ہیں 7 ارب کے قریب فنڈز استعمال ہوں گے ،نکاسی آب کے دیرینہ مسائل کا خاتمہ ممکن ہوگا،زیر زمین پانی کی بگڑتی صورتحال پر قابو پانا ممکن ہوگا، آئندہ 100 سال تک کی آبادی کو ملحوظ رکھتے ہوے کام کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ صوبائی وزیر ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ علی پورچٹھہ کی ترقی اور بہتری کیلئے بھی خطیر فنڈز مختص کیے گئے ہیں تاکہ اس شہر کو بنیادی سہولیات سے محرومی سے نکالا جا سکے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے علی پورچٹھہ میں پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے کیا۔