پاکستانی ہنر مند ملک میں معاشی استحکام لا سکتے :ارسلان شبیر
حافظ آباد(نمائندہ دنیا ،نامہ نگار)الیک ہولڈنگ گروپ دبئی، متحدہ عرب امارات کے ایچ آر منیجرزارسلان شبیر اور عدیل حسین نے کہا ہے کہ۔۔۔
ان کی کمپنی نے مختلف پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے ہنر مند، محنتی افرادی قوت کی بھرتی کا وسیع پیمانے پر سلسلہ شروع کر دیا اور وہاں باصلاحیت افراد کیلئے باعزت روزگار کے بہترین مواقع موجود ہیں، کمپنی کے مختلف شعبوں میں پاکستانی ہنر مند افراد مواقع سے بھر پور فائدہ اُٹھا کر خاندان کی بہترین کفالت کیساتھ ساتھ ملکی معیشت کے استحکام میں بھی جاندار کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ‘‘بی ایم آر عرب ٹیک انٹرنیشنل’’ سے تربیت یافتہ ہنر مند افراد سے کمپنی میں بھرتی کیلئے انٹرویوز کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر کمپنی کے سروئیر ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ ابوبکر جبکہ سول شعبہ جات کے فورمین افضل محمود، کاشیف احمد ،کے ایم اے انٹرنیشنل کے ایڈمن آفیسر ذیشان تنویر اور بی ایم آر عرب ٹیک انٹرنیشنل کے چیئرمین رانا ارشد انجم بھی موجود تھے ۔ ارسلان شبیر کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان ترقی پذیر ملک ، نوجوان باصلاحیت اور پر عزم ہیں جو محنت کرکے اپنے ملک میں معاشی انقلاب برپا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو فنی تربیت دے کر انہیں باعزت روزگار کی فراہمی میں ’’بی ایم آر عرب ٹیک انٹرنیشنل‘‘ کا کردار ہمیشہ مثالی رہا ۔چیئرمین رانا ارشد انجم نے کہا کہ ہمارانصب العین وطن عزیز سے بے روزگاری کا خاتمہ، نوجوانوں کو ہنر مند بناکر انہیں بیرون ملک باعزت روزگار کی فراہمی اور ملکی معیشت کو مستحکم بنانا ہے اور الحمد اﷲ 37سال سے مشن کو کامیابی کے ساتھ نبھا رہے ہیں ۔