گجرات میں سیوریج بہتری کیلئے اقدامات کر رہے :بلال یاسین
گجرات(سٹی رپورٹر )صوبائی وزیر ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ بلال یاسین نے گجرات کا دورہ کیا اور شہر میں جاری اربوں روپے کے سیوریج و ڈرینج ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور معیار کا جائزہ لیا۔
دورانِ دورہ انہوں نے ظہور الٰہی سٹیڈیم میں جاری 100 کیوسک گنجائش کے ڈسپوزل سٹیشن کی تعمیر کا معائنہ کیا جبکہ بولے چوک میں تقریباً دو کلومیٹر طویل مین فورس HDPE پائپ لائن کی تنصیب کے جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا۔ اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹر واسا گجرات کاشان حفیظ بٹ نے جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی۔بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ واسا گجرات کی جانب سے شہر میں سیوریج اور ڈرینج کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے مختلف منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے ۔ یہ منصوبے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات اور فنڈنگ سے مکمل کیے جا رہے ہیں جن سے شہریوں کو بہتر نکاسی آب کی سہولیات میسر آئیں گی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ کچہری چوک ڈسپوزل سٹیشن اور مین فورس پائپ لائن کی تنصیب سے شہری علاقوں میں سیوریج کے بہاؤ کو بہتر بنایا جائے گا جبکہ منصوبوں کو جدید انجینئرنگ معیار کے مطابق مکمل کیا جا رہا ہے تاکہ شہریوں کو طویل مدتی فائدہ حاصل ہو سکے ۔صوبائی وزیر بلال یاسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق گجرات میں بنیادی سیوریج انفراسٹرکچر کی بہتری کیلئے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ جاری منصوبوں کی تکمیل سے شہریوں کو درپیش نکاسی آب کے مسائل میں نمایاں کمی آئے گی اور ایک مؤثر ڈرینج سسٹم قائم ہو گا۔ انہوں نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور کام کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے ۔