پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شہری نالاں فیصلہ مہنگائی بم قرار دیدیا

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے پر شہری نالاں فیصلہ مہنگائی بم قرار دیدیا

20 دن کا ذخیرہ ہونے کے با وجود پٹرول مافیا کو کھلا منافع ملا جبکہ عام آدمی مزید معاشی دباؤ کا شکار ہو گیا،حکو مت فیصلے پر نظر ثانی کر ے ،مہنگائی سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کئے جائیں :شہری

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )ملک میں جاری معاشی دباؤ اور خطے کی کشیدہ صورتحال کے باوجود حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اچانک بھاری اضافہ کیے جانے پر شہریوں میں شدید ردِعمل سامنے آ گیا۔ علی پورچٹھہ میں کیے گئے سروے کے دوران شہریوں نے حکومت کے فیصلے کو پٹرول بم قرار دیتے ہوئے تنقید کی اور کہا کہ اس اقدام نے مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو مزید مشکلات میں دھکیل دیا ۔ شہریوں نے کہا کہ ملک میں مبینہ طور پر 20دن کا پٹرول موجود ہونے کے باوجود نئی قیمتوں پر خریداری نہ ہونے کے باوجود یکدم 55 روپے فی لٹر اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے ۔ شہریوں کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے پٹرول مافیا اور ذخیرہ اندوز عناصر کو کھلا منافع حاصل ہوا جبکہ عام آدمی مزید معاشی دباؤ کا شکار ہو گیا۔ شہریوں نے کہا کہ مقدس مہینے میں اس قدر بڑا اضافہ مشکلات میں اضافے کا باعث بنے گا ۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر نظر ثانی کی جائے اور عوام کو مہنگائی کے مزید بوجھ سے بچانے کیلئے فوری اقدامات کیے جائیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں