ڈی ایچ کیو ہسپتال کے گارڈز،سپروائزر کو3ماہ سے تنخواہ نہ ملی
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)ڈی ایچ کیو ٹیچنگ ہسپتال گوجرانوالہ میں سکیورٹی کے فرائض سرانجام دینے والے 120گارڈز اورسپروائزر3ماہ کی تنخواہوں سے محروم ،
عید الفطر قریب آنے کے باوجود ہسپتال انتظامیہ اور پرائیویٹ کمپنی نے تنخواہوں کی ادائیگی سے انکار کردیا جس پر سکیورٹی گارڈز اور سپروائزر سراپا احتجاج بن گئے رمضان المبارک میں بھی تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہونے پر ملازمین نے استعفے دینا شروع کردیئے ۔ڈی ایچ کیو ہسپتال انتظامیہ نے ہسپتال کے سکیورٹی انتظامات کویقینی بنانے کیلئے نجی کمپنی ایم این ایم کو کنٹریکٹ دیا جس نے لیبر ایکٹ کے تحت سکیورٹی گارڈز اور سپر وائزر کو تنخواہوں کی ادائیگی اور ڈیوٹی لینے کیلئے 120 ملازمین بھرتی کئے لیکن تین ماہ سے مسلسل تنخواہیں نہ ملنے پرملازمین سراپا احتجاج بن گئے ، سکیورٹی گارڈز گھروں کے کرایہ ،بجلی ،گیس بلز ،کچن سامان کیلئے ادھار رقم لینے پر مجبور ہوگئے گزشتہ روز سپروائزر سکیورٹی نعیم ذوالفقار نے پراجیکٹ منیجر کو استعفیٰ ارسال کرتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ وقت پر سیلری نہ ملنے سے گھریلو نظام بری طرح متاثر ہوچکا ہے ، ماہ رمضان میں بھی تنخواہوں سے محروم رہے اوراب عید الفطر پر بیوی بچوں کیلئے کپڑے تک نہیں خرید سکتے۔