2گھروں میں آتشزدگی ‘خاتون سمیت 2افراد جاں بحق
کینٹ کے علاقہ میں گیس لیکیج سے سلنڈر دھماکہ ہوا جس سے آگ پھیل گئی کچھ افراد مبینہ طور پر منشیات استعمال کر رہے تھے ، اسی دوران آگ بھڑکی:پولیس
گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)تھانہ کینٹ کے علاقہ میں دو گھروں میں آتشزدگی کے دوران خاتون سمیت 2افراد جاں بحق ہو گئے ۔بتایا گیا ہے کہ تھانہ کینٹ کے علاقہ میں چاند رات کو افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں پیرو شہید سٹاپ کے قریب دو گھروں میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت2افراد جاں بحق ہو گئے ۔پولیس کے مطابق آگ دو سنگل سٹوری گھروں میں لگی ، ابتدائی تحقیقات کے مطابق گیس لیکیج کے باعث سلنڈر دھماکہ ہوا جس سے آگ پھیل گئی اور دم گھٹنے سے خاتون سمیت دو افراد جاں بحق ہوئے ۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ کے وقت کچھ افراد مبینہ طور پر منشیات کا استعمال کر رہے تھے کہ اسی دوران آگ بھڑک اٹھی۔جاں بحق ہونے والوں میں 35سالہ سخاوت اور 17 سالہ رخسانہ شامل ہیں۔ دوسری جانب اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کا عملہ فوری موقع پر پہنچ گیا اور آگ پر قابو پا کر لاشیں نکال لی گئیں ،پولیس کے مطابق حقائق سامنے آنے کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔