ڈیوٹی کے با وجود سینئر ڈاکٹر غائب‘ ہسپتالوں میں مریض خوار

ڈیوٹی کے با وجود سینئر ڈاکٹر غائب‘ ہسپتالوں میں مریض خوار

ایمر جنسی میں ریکارڈ رش ، عملہ مریضوں سے نجی لیبارٹریوں سے ٹیسٹ کر اتا رہا

گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)عیدالفطر کے موقع پر گوجرانوالہ ڈویژن کے سرکاری ہسپتالوں کے سینئر اور سپیشلسٹ ڈاکٹرز ڈیوٹیاں لگنے کے باوجود گھروں کو روانہ اور مریضوں کو جونیئر ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کے سپرد کرگئے ، سرکاری ہسپتالوں کاعملہ مریضوں سے پرائیویٹ لیبارٹریوں سے ٹیسٹ کر اتا رہا ،ایمرجنسی شعبہ میں حادثات میں زخمی ہونے والے اور بیمار مریضوں کا ریکارڈ رش رہا، بیشتر مریض بروقت طبی سہولیات میسرنہ ہونے پر خوارہوتے رہے ، ہسپتالوں کے مختلف وارڈز میں مریضوں کی دیکھ بھال کرنے والے ڈاکٹر بھی غیر حاضر رہے ۔ ذرائع کے مطابق سرکاری ہسپتالوں میں بیشتر سینئر ڈاکٹروں نے عیدالفطرکی چھٹیوں پر بھی سرکاری ہسپتالوں میں جونیئر عملہ کی ڈیوٹیاں لگادی تھیں جو خود چھٹیوں پر روانہ ہوگئے ۔گوجرانوالہ کے ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال اور میڈیکل کالج سے ملحقہ ٹیچنگ ہسپتال میں پروفیسر ،ایسوسی ایٹ پروفیسر ،اسسٹنٹ پروفیسر ،رجسٹرار ،سرجن اورمیڈیکل ڈاکٹر ز بڑی تعداد میں موجود ہیں جبکہ دیگر سرکاری ہسپتالوں میں بھی ڈاکٹروں ،پیرا میڈیکل عملہ کی بھی ڈیوٹیاں لگائی ہیں ٹراما سنٹر اوروارڈوں میں الگ الگ ڈاکٹروں کو تعینات کیا گیا تھا مگر عید الفطر کے موقع پر ٹراماسنٹروں میں صرف چند جونیئر ڈاکٹروں ،پیرامیڈکس عملہ اور درجہ چہارم کے ملازمین کو ڈیوٹیاں دینے کا پابند بنایا گیا ،سینئر ڈاکٹر غائب ہوگئے اسی طرح ضلع کے دیگر شہری ودیہی ہسپتالوں میں بھی سینکڑوں ڈاکٹر ہونے کے باوجود چند ڈاکٹروں کی شیڈول کے مطابق ڈیوٹیاں لگائی گئیں مگر بیشتر ڈاکٹروں نے ڈسپنسروں ،نرسز اور دیگر عملہ کی ڈیوٹی لگادی مگر ڈاکٹر اور دیگر عملہ غائب رہا بالخصوص رات کے اوقات مریضوں اور لواحقین کی اکثریت خوار ہوتی رہی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں